کراچی میں جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر کی عدالت نے ٹک ٹاکرز کے ہاتھوں شہری کی ہلاکت کے کیس کی سماعت کرتے ہوئے ملزمان کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔کراچی میں ملیر سٹی پولیس نے ملزم سعید احمد اور فاضل علی کو جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر کی عدالت میں پیش کر دیا۔پولیس نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان نے گھر کے باہر کھڑے شہری کو گولی مار دی تھی، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سے ملزمان کو شناخت کیا گیا تھا، ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کی تھی۔پولیس نے مزید بتایا ہے کہ فائرنگ کے نتیجے میں قمر رضا نامی شہری جاں بحق ہوا تھا، جبکہ واقعے میں استعمال ہونے والا اسلحہ فارنزک کے لیے بھیجوا دیا گیا ہے۔پولیس نے عدالت سے واقعے کی مزید تفتیش کرنے کے لیے ریمانڈ دینے کی استدعا کرتے ہوئے یہ بھی بتایا کہ دونوں ملزمان کی عمریں 18 سال سے کم ہیں۔عدالت نے ملزمان کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا اور پولیس کو دونوں ملزمان کو 14 جنوری کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔عدالت نے پولیس کو آئندہ سماعت پر چالان پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔
