کراچی یونین آف جرنلٹس کے نومنتخب عہدیداروں ، پروگریسیو پینل اور تمام منتخب مندوبین کو مباکبادوں کا سلسلہ جاری ہے۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کراچی یونین آف جرنلسٹس کے نومنتخب عہدیداروںشاہد اقبال کو صدر، فہیم صدیقی کو جنرل سیکرٹری اور دیگر تمام نومنتخب عہدیداروں کو کامیابی پر مبارک پیش کرتے ہوئے کہا کہ پروگریسیوپینل کا تمام نشستوں پر کامیابی حاصل کرنا صحافی برادری کے ان پر مکمل اعتماد کا ثبوت ہے۔۔صحافت کے فروغ، میڈیا کے تحفظ اور قلم قبیلے کے حقوق کے لئے کے یوجے کی جدوجہد میں ساتھ ہیں۔ دریں اثنا وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی نے کے یو جے کے انتخابات میں پروگریسیو پینل کی کامیابی پر تمام کامیاب ہونے والے عہدیداروں کو مبارکباد پیش کی ہے ۔سعید غنی کا کہنا تھا کہ پروگریسیو پینل نے مندوبین کی تمام 25 نشستیں پر بھی کامیابی حاصل کی جس پر بھی تمام مندوبین کو تہہ دل سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ امید کرتا ہوں کہ کامیابی حاصل کرنے والے تمام عہدیدار اور مندوبین صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے تمام اقدامات بروئے کار لائیں گے۔ پیپلزپارٹی کی تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی پیپلز پارٹی حکومت میں آئی اس نے صحافیوں کی فلاح و بہبود اور ان کے مسائل کے حل کے لئے خصوصی اقدامات کئے ہیں۔ اس وقت بھی پیپلزپارٹی کی واحد سندھ حکومت ہے جو صحافیوں کے مسائل کے حل اور میڈیا کی آزادی سمیت تمام مسائل پر سنجیدگی سے کارفرما ہے۔ علاوہ ازیں اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی نے اپنے پیغام میں کہا کہ کے یو جے کی جانب سے انتخابی عمل جمہوری روایات کا تسلسل ہے، نومنتخب عہدیداران تنظیم اور عوام کی بہتری کے لیے مزید بہتر کردار ادا کریں، تحریک انصاف کی حکومت آزادی صحافت کے لیے کوشاں ہے، سندھ میں موجود ڈکٹیر اور جعلی حکومت صحافیوں کا قتل کررہی ہے، سندھ میں صحافیوں کو سچ لکھنے پر قتل کردیا جاتا ہے، عزیز میمن اور اجے لالوانی کے قاتلوں کو پی پی نے اہم عہدے دیے، ظالم اور نالائق سندھ حکومت سے چھٹکارے کے لیے قلم کی طاقت لازم جز ہے، وفاقی حکومت کی پالیسیز سے میڈیا ہاؤسز کے حالات میں واضع بہتری آرہی ہے۔
