وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہباز گل نے نجی ٹی وی چینل پر بیٹھ کر رمیش کمار کو گالی دیدی۔دنیا نیوزکے پروگرام’’آن دی فرنٹ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے شہباز گل نے رمیش کمار پر الزام عائد کیا کہ جعلی ادویات بیچنا چاہتے تھے، جھوٹ بولتے ہو، ہم نے بے ضمیر کو ٹکٹ دیا، راجہ ریاض اور رمیش کمار جیسے لوگوں نے ہر مرحلے پر بلیک میل کیا، ان کی جن باتوں میں کھلی کرپشن تھی ان باتوں سے انکار کیا۔ شہباز گل اور ان ہی کی پارٹی کے رکن قومی اسمبلی رمیش کمار کے درمیان بحث و مباحثہ جاری تھا۔اس دوران شہباز گل کا کہنا تھا کہ رمیش کمار پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر اقلیتیوں کی خصوصی نشست پر قومی اسمبلی آئے تھے، اب یہ عمران خان خان سے استعفیٰ مانگ رہے ہیں، ان میں شرم و حیا ہوتی تو یہ پہلے خود ہی استعفیٰ دے دیتے۔انہوں نے کہا کہ یہ کرپٹ آدمی ہیں کینسر کی جعلی دوا بیچنے پنجاب آئے تھے۔شہباز گل نے جب یہ بات کی تو رمیش کمار بیچ میں بات کرنے لگے اور اسی دوران مشتعل ہوکر رمیش کمار کے خلاف غیرپارلیمانی الفاظ استعمال کیے اور کئی مرتبہ گالی بھی دی۔اپنے اوپر لگائے گئے الزام کو یکسر مسترد کرتے ہوئے رمیش کمار نے کہا کہ یہ لوگ تو الزام لگائیں گے ہی، بیڑہ غرق کرنے والے ہی یہ لوگ ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم عمران خان اچھے تھے، اچھے ہیں، مگر نقصان غلط مشیران کی وجہ سے ہوا۔
