شالیمار ریکارڈنگ اینڈ براڈ کاسٹنگ کمپنی نے 58 کروڑ روپے کے بقایا جات کی ادائیگی میں ناکامی کے بعد سپورٹس سٹار انٹرنیشنل سے معاہدہ منسوخ اور کیس نیب کے سپرد کردیا۔حکومت کے ذیلی ادارے شالیمار ریکارڈنگ کمپنی نے سپورٹس سٹار انٹر نیشنل سے مئی 2005 میں ائر ٹائم رینٹل معاہدہ کیا تھا جس کے بعد اس معاہدے میں 2017 تک توسیع ہوتی رہی، معاہدے کے تحت سپورٹس سٹار انٹر نیشنل نے شالیمار ریکارڈنگ کمپنی کو ماہانہ تین کروڑ75 لاکھ روپے ادا کرنا تھے لیکن معاہدے پر عمل نہ کیاگیا اور بقایا جات کی رقم 58 کروڑ روپے تک پہنچ گئی۔ جس سے ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی اور دیگر ضروری اخراجات پورے کرنا بھی مشکل ہورہے تھے ۔سیکرٹری اطلاعات و نشریات نے جو شالیمار ریکارڈنگ کمپنی کے چیئرمین بھی ہیں نادہندہ ہونے پر سپورٹس سٹار انٹرنیشنل سے معاہدہ منسوخ کردیا اور کیس نیب کو بھجوادیا ہے ،تاکہ کروڑوں روپے کی سرکاری رقوم نادہندہ پارٹی سے وصول کی جاسکیں۔