حکومتی ملکیتی اداروں سے متعلق کابینہ کمیٹی نے وزارت اطلاعات ونشریات کی شالیمار ریکارڈ نگ و براڈ کاسٹنگ کمپنی کو نجکاری فہرست سے نکالنے کی درخواست مسترد کر دی ، کابینہ کمیٹی نے کہا کہ شالیمار ریکارڈنگ و براڈ کاسٹنگ کمپنی سٹریٹجک و لازمی سرکاری اداروں کے زمرے میں نہیں آتی،کابینہ کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ہوا، کمیٹی میں ایس آر بی سی کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل دینے یا نجکاری سے متعلق وزارت اطلاعات و نشریات کی سمری پیش کی گئی ، کابینہ کمیٹی نے ایس آر بی سی سے متعلق اپنے پہلے کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے کہا کہ وزارت اطلاعات ونشریات کابینہ کمیٹی کے نان سٹریٹجک اور غیر ضروری ادارہ کے فیصلے پر عملدرآمد کرے ،ذرائع کے مطابق سرکاری اداروں کا خسارہ سالانہ 800ارب روپے سے ایک ہزار ارب روپے تک پہنچ گیا ، کمیٹی نے کابینہ کمیٹی کے دیگر فیصلوں پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا جن میں وزارت اطلاعات ونشریات ، وزارت پیٹرولیم ، وزارت ریلوے ، ریونیو ڈویژن شامل ہیں ۔