مظفرآباد میں ہائی کورٹ سے ضمانت ہوجانے کے بعد شاعر و صحافی احمد فرہاد کو رہا کردیا گیا۔احمد فرہاد کو تھانا کہوڑی سے رہا کیا گیا، جس کے بعد وہ اسلا م آباد کےلیے روانہ ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق آزادکشمیر ہائیکورٹ نے شاعر احمد فرہاد کی ضمانت منظور کرلی۔ آزادکشمیر ہائیکورٹ میں شاعر احمد فرہاد کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی، عدالت نے وکیل درخواست گزار کے دلائل سننے کے بعد احمد فرہاد کی ضمانت منظور کرلی،شاعر احمد فرہاد کی 2لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی گئی ۔خیال رہے کہ شاعر احمد فرہاد مئی کے مہینے میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے لاپتا ہوئے تھے جن کی بازیابی کے لیے ان کی اہلیہ عروج زینب نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔درخواست دائر کیے جانے کے بعد آزاد کشمیر پولیس نے ان کی گرفتاری ظاہر کی تھی، بعدازاں وفاقی حکومت نے بھی 29 مئی کو 15 روز بعد اسلام آباد سے لاپتہ شاعر اور صحافی احمد فرہاد کی گرفتاری ظاہر کر دی تھی۔