پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی کال پر ملک بھر کی طرح کوئٹہ میں بھی بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے زیراہتمام سندھ میں قتل ہونے والے سینئر صحافی شہید جان محمد مہر کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف پیر کو کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ، مظاہرئے کے شرکا نے اس موقع پر بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے اور نعرئے بازی کررہے تھے ، مظاہرے سے بی یو جے کے قائم مقام صدر نورالہٰی بگٹی ، پی ایف یو جے کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل ایوب ترین ، کوئٹہ پریس کلب کے صدر عبدالخالق رند ، بی یو جے کے جنرل سیکرٹری منظور احمد ، سول سوسائٹی کے نمائندوں میر بہرام لہڑی اور علاءالدین خلجی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت اور پولیس صحافی کے قتل پر خاموشی اختیار کررکھی ہے ۔ سکھر پریس کلب کے سابق صدر سینئر صحافی جان محمد مہر کو تین ماہ قبل قتل کیا گیا تاہم ملزمان آج بھی آزاد ہیں ،مقررین نےمطالبہ کیا کہ سینئر صحافی کے قتل کا نوٹس لیکر اصل ملزمان کی گرفتاری یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے بلوچستان میں شہید کئے گئے صحافیوں کو انصاف دلانے سے متعلق اپنے مطالبات کی منظوری تک جدوجہد جاری رکھنے اور پی ایف یو جے کی جانب سے ہر قسم کی احتجاجی لائحہ عمل پر مکمل اور بھر پور عمل کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مطالبات منظور نہ ہوئے تو اسلام آباد کا رخ کرنے سے دریغ نہیں کریں گے۔ بعد ازاں کوئٹہ پریس کلب پر سیاہ جھنڈا بھی لہرایا گیا ۔