ماڈل و اداکارہ طوبیٰ انور کا کہنا ہے کہ وہ کسی حور جیسے خوبصورت لڑکے سے دوسری شادی کریں گی۔طوبیٰ انور حال ہی میں ندا یاسر کے شو میں شریک ہوئیں، جہاں ان سے شادی سے متعلق سوال کیا گیا، جس پر اداکارہ نے اپنے ہونے والے شریک حیات سے متعلق کھل کر بات کی۔انہوں نے کہا کہ عام طور پر لڑکیاں شادی کے لیے لڑکے کی شکل و صورت کو نہیں دیکھتیں، وہ صرف شخصیت پر توجہ دیتی ہیں جب کہ لڑکے خوبصورتی کو ترجیح دیتے ہیں۔ان کے مطابق انہیں معلوم نہیں کہ لڑکے خوبصورتی اور لڑکیاں شخصیت کو کیوں ترجیح دیتی ہیں، تاہم وہ کسی ایسے شخص کو شریک حیات بنائیں گی، جن سے ان کا ذہن ملتا ہے اور ان سے ان کے دوستانہ تعلقات استوار ہو سکیں۔طوبیٰ انور نے کہا کہ وہ پڑھے لکھے شخص کو شادی کے لیے ترجیح دیں گی، ان کے لیے امیر یا بہت زیادہ کمانے والا مرد اہمیت نہیں رکھتا، البتہ وہ کوئی نہ کوئی کام کرتا ہو۔اداکارہ کے مطابق شادی سالوں تک چلنے والا رشتہ ہوتا ہے، اس لیے انسان کو سوچ سمجھ کر ایسے شخص کا انتخاب کرنا چاہیے، جس سے ان کا ذہن ملتا ہے اور ان سے دوستانہ تعلقات ہوں۔انہوں نے نشاندہی کی کہ بہت سارے شادی شدہ جوڑوں کا ذہن نہیں ملتا اور ان کے درمیان اچھے تعلقات نہیں ہوتے، جس وجہ سے مسائل پیدا ہوتے ہیں، اس لیے ہر کسی کو ایسے شخص سے شادی کرنی چاہیے جو ذہنی سکون دے۔طوبیٰ انور کا کہنا تھا کہ ان کے لیے ظاہری خوبصورتی معنی نہیں رکھتی، بس وہ چاہیں گی کہ ہونے والا شریک حیات خوش شکل ہو۔میزبان ندا یاسر کے زور ڈالنے پر طوبیٰ انور نے کہا کہ وہ ایسے لڑکے سے شادی کریں گی جو حوروں جیسا خوبصورت ہو، اس پر میزبان نے انہیں ٹوکا کہ ایسی خوبصورتی والا لڑکا تو دوسری قسم کا ہوگا۔طوبیٰ انور نے کہا کہ انہیں حور جیسے خوبصورت لڑکے کی وضاحت کرنا نہیں آ رہی، جس پر ندا یاسر نے ان سے کہا کہ انہیں خوبرو لڑکا چاہیے، تو اداکارہ نے کہا کہ ہاں انہیں شادی کے لیے خوبرو لڑکا ہی چاہیے۔خیال رہے کہ طوبیٰ انور نے کم عمری میں سابق ٹی وی میزبان و اسکالر عامر لیاقت سے 2018 کے وسط میں خفیہ شادی کی تھی، جس کا عامر لیاقت نے 2020 میں اعتراف کیا تھا۔دونوں کے درمیان 2021 کے اختتام تک اختلافات کی خبریں سامنے آئیں اور فروری 2022 میں طوبٰی انور نے عامر لیاقت سے خلع لینے کی تصدیق کی تھی۔دونوں کی عمر میں 20 سال سے زائد کا فرق تھا، بعد ازاں جون 2022 میں عامر لیاقت انتقال کر گئے تھے۔

شادی کیلئے خوبرو نوجوان چاہیئے، طوبی انور۔۔
Facebook Comments