فلاحی ادارہ العزم ٹرسٹ نے اپنی روایتی خدمت اور انسانیت کے جذبے کے تحت اسلام آباد کے 70 سے زائد مستحق افراد اور اخبار فروشوں میں سرد موسم کی شدت سے بچانے کے لیے گرم لحاف تقسیم کیے۔ یہ تقریب اخبار مارکیٹ اسلام آباد میں منعقد ہوئی، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد، سماجی کارکنان، اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔ العزم ٹرسٹ کے چیئرمین اعجاز چیمہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ “العزم ٹرسٹ” ہمیشہ معاشرے کے ان افراد کی مدد کے لیے کام کرتا رہا ہے ۔ اعجاز چیمہ کا کہنا تھا کہ آج کا یہ قدم ان کے لیے ہماری طرف سے ایک چھوٹا سا تحفہ ہے۔ ہم دعا گو ہیں کہ یہ عمل دوسروں کے لیے بھی ایک مثال بنے۔تقریب میں اخبار فروش فیڈریشن کے تاحیات صدر اور سابق مشیر وزیراعظم پاکستان ٹکا خان نے کہا کہ “العزم ٹرسٹ” کا مشن انسانی ہمدردی پر مبنی رہا ہے۔ ہم جانتے ہیں کہ سردیوں کے سخت موسم میں یہ گرم لحاف مستحق افراد کے لیے ایک بڑی نعمت ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ العزم انسانی خدمت کا یہ سفر جاری رکھے اور اس سے دوسرے لوگوں کو بھی ایسے کاموں میں حصہ لینے کی ترغیب ملے گی۔سابق پارلیمنٹیرین اور سماجی راہنما ڈاکٹر ثریا نسیم نے اپنے خطاب میں کہا فلاحی کاموں کی اصل روح یہی ہے کہ ہم اپنی صلاحیتوں اور وسائل کو ان لوگوں کی مدد کے لیے وقف کریں جو واقعی مستحق ہیں۔