نگران وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ بے بنیاد باتیں آزادی اظہار اور صحافت کیلئے خطرہ ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ سال 2024 مختلف ممالک میں انتخابات کا سال ہے، پاکستان، انڈونیشیا، بھارت، امریکہ میں انتخابات ہورہے ہیں۔نگران وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ 8 فروری کو پاکستان میں عام انتخابات ہو رہے ہیں، ایک ہفتے بعد انڈونیشیا میں انتخابات ہورہے ہیں جبکہ امریکا میں نومبر میں انتخابات ہوں گے۔انہوں نے کہا ہے کہ آج کل پاکستان میں مختلف وجوہات کی وجہ سے شام کے ویلاگرز کا خطرہ سامنے آیا ہے، ان کی بے بنیاد قسم کی باتوں پر لاکھوں ویوز آرہے ہوتے ہیں، یہ آزادی اظہار اور آزادی صحافت کے لیے بہت سنجیدہ خطرہ ہے۔مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ ہم ہٹلر کے زمانے کے پروپیگنڈا کی باتیں تو کرتے تھے اور آج بھی کررہے ہیں،اب یہ ممکن ہے کہ آپ کم پیسوں میں مصنوعی آواز اورتصاویر پیدا کرسکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ صحافت کوعوام کی رائے کے حق کا دفاع کرنا ہے، نیوز رومز کو فیکٹ چیک ڈیپارٹمنٹس بنانے پڑیں گے، تاکہ حقائق تک پہنچا جا سکے۔