بدنام زمانہ سیریل کلر جاوید اقبال کی زندگی پر بننے والی فلم ’جاوید اقبال: دی ان ٹولڈ اسٹوری آف اے سیریل کلر‘ کو ریلیز سے محض ایک دن قبل روک دیا گیا۔ایکسپریس ٹریبیون کی رپورٹ کے مطابق اداکار یاسر حسین اور عائشہ عمر کی اداکاری میں بننے والی اس فلم کوجمعہ کو پاکستان بھر میں ریلیز کیا جانا تھا۔ حکومتِ پنجاب نے فلم کے خلاف نوٹس جاری کرتے ہوئے اس کی ریلیز روک دی ہے۔سینٹرل بورڈ آف فلم سنسرز (سی بی ایف سی) نے فلم کو ریلیز نہ کرنے کا حکم نامہ جاری کیا ہے۔ سنسرز بورڈ کے ایک حکام کا کہنا ہے کہ پنجاب انفارمیشن اور کلچر ڈپارٹمنٹ نے فلم کی ریلیز روکی، فلم پر کچھ اعتراضات سامنے آئے ہیں، بورڈ فلم کا دوبارہ سے جائزہ لے گا جس کے بعد اس کی ریلیز سے متعلق حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔حکام نے کہا کہ فلم کے دوبارہ جائزہ لینے کی تاریخ کا اعلان نہیں کر سکتے لیکن جب بھی فیصلہ ہوا تو عوام کو بتایا جائے گا۔خیال رہے کہ 18ویں آئینی ترمیم کے بعد سے تمام صوبوں کے اپنے اپنے فلم سنسرز بورڈ ہیں۔ چونکہ خیبر پختون خوا اور بلوچستان نے سنسرز بورڈز نہیں بنائے اور دونوں ہی سی بی ایف سی پر انحصار کرتے ہیں، اس لیے واضح امکان ہے کہ خیبر پختون خوا اور بلوچستان بورڈ بھی فلم کی ریلیز کی اجازت نہیں دیں گے۔
