tarjuman balochistan hukumat ka dora karachi press club

سینئر سیاست دان کا پریس کلب کو کتابوں کا عطیہ۔۔

سینئر سیاستدان اوردانشور نصرت مرزا نے کتابوں کا ایک بڑا ذخیرہ کراچی پریس کلب کو عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ نصرت مرزا نے کراچی پریس کلب کا دورہ کیا اور کلب کے عہدیداروں صدر فاضل جمیلی ،سیکرٹری محمد رضوان بھٹی ،نائب صدر عبدالرشید میمن ،گورننگ باڈی کے ارکان خلیل ناصر،فاروق سمیع،لیاقت مغل  اورنبیل اختر سے ملاقات کی ،اس موقع پرسابق صدر امتیازخان فاران، سابق سیکرٹری مقصود یوسفی،کے یوجے دستورکے صدرسید راشدعزیز،نصراللہ چوہدری، حنیف اکبر،رفیق بشیر،حماد حسین اوراشرف بھٹی سمیت صحافیوں کی ایک بڑی تعدادموجودتھی۔اس موقع پر انہوں نے صحافیوں کے لیے خدمات اور ان کے حقوق کے حصول کے لیے کی جانے والی جدوجہد پر کراچی پریس کلب کو خراج تحسین پیش کیا ۔انہوںنے کہا کہ کتاب سے بڑا انسان کا کوئی دوست نہیں ہوتا ہے ۔صحافی ہمارے معاشرے کے سب سے باشعور انسان ہیں اور ان کو ہمیشہ سے کتابوں سے رغبت رہی ہے ۔میری طرف سے یہ ایک چھوٹا سا نذرانہ کراچی پریس کلب کے لیے پیش کیا جارہا ہے ۔مجھے امید ہے کہ صحافی حضرات ان کتابوں سے استفادہ کریںگے اور یہ ان کے لیے رہنمائی کا باعث بنیںگی ۔کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی،سیکرٹری محمدرضوان بھٹی نے نصرت مرزا کی کلب آمد پر ان کو خوش آمدید کہااور انہیں اجرک اور ٹوپی کا تحفہ پیش کیا۔اس موقع پر فاضل جمیلی اور محمدرضوان بھٹی نے کہاکہ کتاب سے بڑا کوئی تحفہ نہیں ہوسکتا ہے ۔نصرت مرزا کی جانب سے دی گئیں کتابیں کراچی پریس کلب کی لائبریری کے لیے ایک ذخیرہ ثابت ہوںگی ۔انہوںنے کتابوں کا عطیہ پیش کرنے پر نصرت مرزا کا شکریہ ادا کیا ۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں