کراچی یونین آف جرنلسٹ کے سینئر جوائنٹ سیکریٹری غلام قادر ضیا دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے،غلام قادر ضیا بورے والا سے تعلق رکھتے تھے۔ جو شروع میں کراچی میں اسٹیٹ لائف انشورنس میں کام کرتے تھے بعد ازاں میڈیا میں آئے۔ ایمان داری اور قناعت پسندی کی وجہ سے کبھی خوشحالی نہیں دیکھی۔ چند سال قبل تک کراچی کے مقامی روزنامہ دفاع میں کام کرتے تھے۔ اخبار کے مالک پیر انتظام الدین موتی بھائی کے تین سال قبل انتقال کے بعد کورونا وائرس کا بحران آگیا جس کی وجہ سے اخبار بند ہوگیا۔ مسلسل بے روزگاری کے بعد قادر بھائی نے دو ہفتے قبل سبزی منڈی میں اپنے عزیز کے ساتھ مل کر کام شروع کیا تھا۔ اسی سلسلے میں وہ آج صبح اپنے عزیز کے ہمراہ خریداری کے لیے ٹنڈوالھیار کی منڈی گئے تھے جہاں دل کا دورہ پڑا۔ مقامی اسپتال میں لے جایا گیا جہاں ناکافی طبی سہولتوں کی بنا پر ان کا انتقال ہوگیا۔انا للہ وانا الیہ راجعون۔۔۔ ان کی میت حیدرآباد پہنچائی گئی، کراچی سے ان کی اہلیہ اور اکلوتی بچی دیگر عزیزواقارب اقارب کے ہمراہ ایمبولینس میں روانہ ہوگئے۔ حیدرآباد سے میت ان کی فیملی کے ہمراہ بورے والا پہنچائی جائے گی۔ جہاں چیچہ وطنی روڈ پر چک نمبر 431 ای بی میں (آج)بروز جمعرات بعد دوپہر ان کی نماز جنازہ اور تدفین کا انتظام کیا جا رہا ہے۔ وقت کا فیصلہ میت گاؤں پہنچنے کے بعد کیا جائے گا۔ اللہ تعالی مرحوم کی مغفرت فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین
