کراچی پریس کلب کے سینئرممبر،سینئرصحافی و ادیب اور کراچی پریس کلب کی سینئررکن وکراچی یونین آف جرنلسٹس(دستور)کی سابق نائب صدر رضیہ سلطانہ کے شوہر ضیاء شہزاد جمعہ کو انتقال کرگئے۔وہ گزشتہ کچھ دنوں سے علیل تھے۔ مرحوم کی نماز جنازہ آج(ہفتہ) بعد نماز ظہرجامع مسجد ابوزرغفاری نزد ڈسکو بیکری گلشن اقبال میں اداکی جائے گی۔ مرحوم ضیا شہزادمعروف ڈرامہ رائٹر ، صداکار و اداکار کمال احمد رضوی مرحوم کے ہم زلف بھی تھے۔ مرحوم کی اہلیہ رضیہ سلطانہ بھی سینئر صحافی و افسانہ نگار ہیں۔ دریں اثناکراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی، سیکرٹری محمدرضوان بھٹی اور دیگرعہدیداروں نے کراچی پریس کلب کے سینئررکن ضیاء شہزاد کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کراچی پریس کلب کی سینئررکن اور ان کی اہلیہ رضیہ سلطانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیاہے۔انہوں نے کہاکہ کراچی پریس کلب آج ایک اور سینئرممبرسے محروم ہوگیاہے دکھ کی اس گھڑی میں کراچی پریس کلب آپ کے برابرکا شریک ہے،کراچی پریس کلب کے عہدیداروں نے دعاکی کہ اللہ پاک مرحوم ضیاء شہزاد کی کامل مغفرت فرمائے اور تمام سوگواران کو صبرجمیل دے۔ آمین
