senior sahafi nawaz raza ki nayi kitaab manzar aam par agyi

سینئر صحافی نواز رضا کی نئی کتاب منظرعام پرآگئی۔۔

معروف صحافی، مصنف، کالم نگار اور پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر محمد نواز رضا کی نئی کتاب “چوہدری نثار علی خان” شائع ہو گئی ہے۔ جو   حکومت ، اپوزیشن اور پارلیمنٹ کی روداد کے ساتھ ساتھ  سینئر سیاست دان اور سابق وفاقی وزیر اور کئی دہائیوں سے پاکستان کی سیاست کے اہم کردار  چوھدری نثار علی خان کی سیاسی سوانح عمری بھی ہے ۔ متذکرہ کتاب پاکستان کے معروف اشاعتی ادارے قلم فاؤنڈیشن انٹر نیشنل کے عبد الستار عاصم کی زیر نگرانی شائع ہوئی ہے۔ قبل ازیں قلم فاؤنڈیشن نواز رضا کی کتاب” رو داد سیاست “کی سیریز شائع کر چکا ہے  جو رو داد سیاست 1 – 2 اور 3 کے نام سے سیاسی اور صحافتی حلقوں میں بہت مقبول ہوئیں ۔ نواز رضا کا شمار عصر حاضر کے معروف  صحافیوں میں ہوتا ہے، ملکی اور بین الاقوامی سیاست پر  گہری نظر  رکھتے ہیں ۔ شہر اقتدار کی صحافت میں انہیں وہی مقام حاصل ہے جو سلطنت روما کے سیاسی حلقوں میں نوکولو میکاولی کو حاصل تھا ۔ آپ کے ذکر کے بغیر پاکستانی صحافت کی تاریخ نامکمل سمجھی جائے گی ۔ کتاب “چوہدری نثار علی خان” سیاست کے طالب علموں کے لیے ایک نایاب تحفہ ہے ۔ نواز رضا کا چوہدری نثار علی خان سے کم و بیش 4دہائیوں کا تعلق ہے۔ سیاست اور صحافت کا چولی دامن کا ساتھ ہے  لیکن چوہدری نثار علی خان سے محمد نواز رضا کا دوستانہ رشتہ بھی بہت گہرا رہا ہے ۔ یوں کہہ لیں کہ چوہدری نثار علی خان جن چند صحافیوں یا دوستوں سے راز اور اعتماد کی بات کر سکتے ہیں ان میں اولین نام نواز رضا کا ہے یوں یہ کتاب اپنے دامن میں بہت سے اہم واقعات اور راز و نیاز لیے ہوئے ہے ۔ جنہیں نواز رضا وقتاً فوقتاً اپنے کالموں میں لکھتے بھی رہے ہیں ۔ یہ انہی تحریروں کا مجموعہ ہے جن کا تعلق براہ راست چوہدری نثار علی خان اور ان کی سیاست سے ہے ،  کتاب عمدہ کا غذ اور خوبصورت ٹائیٹل کے ساتھ شائع کی گئی ہے ۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں