senior sahafi ki yaad mein taziati reference ka ineqaad

سینئر صحافی کی یاد میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد۔۔

کراچی پریس کلب کے زیر اہتمام سینئیر صحافی،کراچی پریس کلب کے ممبر اور صفحہ محنت روزنامہ جسارت کراچی کے انچارج قاضی سراج العابدین مرحوم کی یاد میں ایک تعزیتی ریفرنس کا انعقاد ابراہیم جلیس ہال میں کیا گیا،اجلاس میں سینئیر صحافیوں، مرحوم کے صاحبزادے ، ٹریڈ یونین تحریک کے رہنماؤں، اراکین گورننگ باڈی اور سماجی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی، تعزیتی اجلاس سے پریس کلب کے صدر سعید سربازی، نائب صدر سہیل مشتاق،سیکریٹری شعیب احمد، ایڈیٹر روزنامہ نئی بات مقصود یوسفی،پی ایف یو جے دستور کے سیکریٹری جنرل اے ایچ خانزادہ ، قاضی سراج کے صاحب زادے قاضی معاذ سراج، ایڈیٹر روزنامہ جسارت مظفر اعجاز، پیپلز لیبر بیورو کے صدر حبیب الدین جنیدی، سابق صدر کراچی پریس کلب امتیاز خان فاران ، کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور کے صدر خلیل احمدناصر، معروف صحافی شاہد غزالی، EOBI کے سابق افسر تعلقات عامہ اسرار ایوبی اور دیگر نے قاضی سراج العابدین کی جانب سے گزشتہ 35 برسوں سے صفحہ محنت جسارت کے ذریعہ ملک کے مظلوم محنت کش طبقہ کو درپیش مسائل اجاگر کرنے اور ان کے مطالبات ارباب و اختیار تک پہنچانے کے لئے طویل اور بے لوث خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ۔ مقررین کا کہنا تھا کہ محنت کشوں کی سرگرمیوں کی خبروں اور رپورٹوں کا حصول قاضی سراج کا اوڑھنا بچھونا تھا وہ اس مقصد کے حصول کے لئے پیرانہ سالی کے باوجود ہر قسم کے سرد و گرم موسم اور حالات واقعات کی پرواہ کئے بغیر محدود وسائل اور بے سروسامانی کے عالم میں شہر کے مختلف صنعتی علاقوں میں منعقد ہونے والی محنت کشوں کی تقاریب ، جلسوں جلوسوں اور احتجاجی مظاہروں کی بھرپور کوریج کیا کرتے تھے ۔ اس موقع پر مرحوم کے صاحبزادے اور صفحہ محنت جسارت کے انچارج قاضی معاذ نے محنت کش طبقہ کے مسائل کو اجاگر کرنے کے لئے اپنے والد محترم کی غیر معمولی خدمات اور ان کی زندگی کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالی انہوں نے بھرپور تعاون کرنے پر کراچی پریس کلب اور روزنامہ جسارت کا شکریہ ادا کیا،تعزیتی ریفرنس کے اختتام پر قاضی سراج کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں