اسپیشل جج سینٹرل اسلام آباد نے سوشل میڈیا پر بغاوت پر اکسانے کے کیس میں گرفتار صحافی خالد جمیل کی درخواستِ ضمانت منظور کر لی۔اسلام آباد میں صحافی خالد جمیل کو جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر اسپیشل جج سینٹرل کی عدالت میں پیش کیا گیا۔اسپیشل جج سینٹرل اسلام آباد نے صحافی خالد جمیل کی 50 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرتے ہوئے خالد جمیل کی اڈیالہ جیل سے رہائی حکم دے دیا۔ا س سے قبل سماعت کے دوران وکیلِ صفائی نوید ملک نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ خالد جمیل مشہور صحافی ہیں اور صحافی کی ذمے داری سمجھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیکا ایکٹ سیکشن 20 کو عدالت نے غیر آئینی قرار دیا جس کے تحت اب کارروائی نہیں ہو سکتی، اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ نظر انداز کرتے ہوئے یہ مقدمہ درج کیا گیا۔پراسیکیوٹر نے کہا کہ خالد جمیل کے ٹوئٹس سے خاص بیانیہ بنایا جا رہا ہے، ایسے ٹوئٹس سے ملک کو نقصان پہنچتا ہے، اعظم سواتی کیس سب کے سامنے ہے۔