صدر مملکت نے پشاور سے تعلق رکھنے والے سینئر صحافی ارشد عزیز ملک کو ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں تمغہ امتیازدینے کا اعلان کیا ہے۔ارشد عزیز ملک کا شمار پاکستان کے صف اول کے صحافیوں میں ہوتا ہے۔انہوں نے شعبہ صحافت میں تحقیقاتی رپورٹنگ کے ذریعہ حقائق کو احسن طور عوام تک پہنچانے میں قابل ذکر کردار ادا کیا۔ارشد عزیز ملک نے پشاور یونی ورسٹی سے انٹرنیشنل ریلیشنز ٗپولیٹکل سائنس اورصحافت میں ماسٹرز ڈگری حاصل کرنے کے بعد عملی صحافت کا آغاز 1991 میں روزنامہ مشرق سے کیا۔ وہ 1994 سے2013 تک روزنامہ آج سے وابستہ رہے اور دو دہائیوں سے زیادہ عرصہ تک پشاور کے اس مقبول روزنامہ میں خدمات سر انجام دیں۔ 2014 سے انہوں نے قومی اخبار روزنامہ جنگ جوائن کیا۔ان کی وجہ شہرت خیبر پختون خوا میں تحقیقاتی رپورٹنگ تھی۔ انہوں نے ایک ہزار سے زیادہ تحقیقاتی خبریں فائل کیں جن میں انہوں نے مختلف ترقیاتی منصوبوں میں ہونے والی بے قاعدگیوں، اپنے اختیارات سے تجاوز کرنے، بدعنوانی اور فراڈ سے متعلق اپنے قارئین کو آگاہ کیا۔