جنگ گروپ کے سینئر صحافی حنیف خالد کو ان کی نصف صدی سے زائد صحافتی خدمات پر اسلام آباد چیمبر آف کامر س اینڈ انڈسٹری کی جانب سے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیر اطلاعات ونشریات مرتضی ٰ سولنگی نے کہا کہ حنیف خالد صحافتی برادری کا درخشندہ ستارہ ہیں ۔ اور ان کی خدمات کا اعتراف ان کا حق ہے۔شاید میری برادری نے ان کی خدمات کا اتنا شاندار اعتراف نہیں کیا جتنا بزنس کمیونٹی نے کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حنیف خالد نے نصف صدی کا صحافتی سفر ایک سب ایڈیٹر کے طورپر شروع کیااور پاکستان کے سب سے بڑے اخبار روزنامہ جنگ سے وابستہ ہونے کے باوجود وہ اب بھی اہم تقریبات اور مواقع پر نوجوان صحافیوں کی طرح موجود ہوتے ہیں۔ حنیف خالد بےباک صحافی ہیں ، جب وہ حکمرانوں سے سوال کرتے ہیں تو ان کو معلوم ہوتا ہےکہ وہ کیا پوچھ رہے ہیں ۔ان کی علمیت سے کسی کو کوئی انکار نہیں ۔ وہ صحافیوں کے نمائندے ہیں لیکن دیگر تمام معاملات کے علاوہ کاروباری طبقے کے بھی سفیر ہیں، ان کی خدمات پر اعتراف پر اسلام آباد چیمبر آف کامرس کا شکرگزار ہوں، ان کیلئے حکومت کی جانب سے اگلے اعلیٰ ایوارڈ (ہلال امتیاز)کیلئے نامزدگی کروں گا۔قبل ازیں چیمبر کے عہد یداروں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کاروبار کو فروغ دے کر معیشت کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے، انہوں نے کہا کہ نگراں حکومت اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو ہر قسم کی معاونت فراہم کرے گی۔