لاہور پریس کلب ہاﺅسنگ سوسائٹی میں سینئرصحافی تجمل گرمانی کے گھر میں گھس کر چادراور چاردیواری کو پامال کرتے ہوئے چند وکلاءکی غنڈہ گردی اور پولیس و انتظامیہ کی کارکردگی کے خلاف لاہور پریس کلب میں صحافی تنظیموں کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں لاہور پریس کلب کے قائم مقام صدر جاوید فاروقی، نائب صدر سلمان قریشی ، سیکرٹری زاہد چوہدری، جوائنٹ سیکرٹری خواجہ نصیر ، خزانچی زاہد شیروانی ،ممبر گورننگ باڈی عمران شیخ ، سیدرضوان شمسی ، پی ایف یوجے کے خزانچی ذوالفقار علی مہتو ، پی یو جے کے صدر قمرالزمان بھٹی ،پنجاب پریس گیلری کے صدر افضال طالب ، لاہور فوٹو جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری پرویز الطاف ، سینئر صحافی دین محمد درد ، عمران احمدشیخ ،تجمل گورمانی ، منصور بخاری، رفیق خان، طالب بھٹی ، عطیہ زیدی ، آصف جیلانی ، فرید بابرخان،رانا خالد قمر ،عابد نواز ، نواز طاہر ، میاںاعجاز ،رشید دھاریوال ، محمد علی ناصر ،حاجی عبدالغفور ، محمد شہزاد ، جمال احمد ، بابرفرید خان ، ریاض ٹاک ، حافظ نعیم سمیت صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری نے اجلاس میں ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے واقعہ پر شدید رد عمل کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ صحافی کمزورنہیں ہیں ان کے ساتھ زیادتی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی ۔ اجلاس میں واقعہ پر ضلعی انتظامیہ خاص طور پر اے سی شالامار کے غیر سنجیدہ رویہ کی پرزور الفاظ میں مذمت کی گئی ۔ اجلاس میں پولیس کے غیر ذمہ دارانہ طرز عمل اور وکلا ءکے بھیس میں قبضہ گروپ کے خلاف کارروائی میں لیت و لعل پر افسوس کا اظہار کیا گیا ۔ اجلاس میں کہا گیا کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کیی غیر سنجیدگی کے باعث صحافی کالونی میں قبضہ گروپ کھلم کھلا اپنی کارروائیوں میں مصروف ہیں جو انتہائی تشویشناک امر ہے اور اب کالونی میں رہائش پذیر سینئر صحافی تجمل گرمانی کے گھر پر حملہ امن و امان کی ابتر حالت کی غماز ہے ۔ اجلاس میں کہا گیا کہ وکلا قیادت اپنی صفوں میں غنڈہ عناصر کا خود محاسبہ کرے ۔ اجلاس میں وزیرااعلیٰ پنجاب سے استدعا کی گئی کہ صوبائی دارلحکومت میں واقع صحافی کالونی میں غنڈہ گردی اور سینئر صحافی کے گھر پر حملے کا نوٹس لیں اور صحافیوں کو تحفظ فراہم کرنے کے ساتھ قبضہ گروپ کے خلاف بھرپور کارروائی کو چوبیس گھنٹوں میں یقینی بنائیں ورنہ صحافی برادری احتجاج پر مجبور ہوگی۔۔
