senior sahafi idrees bakhtiyar marhoom par banai documentary ki taqreeb ronmai

سینئر صحافی ادریس بختیارمرحوم پر بنائی ڈاکیومینٹری کی تقریب رونمائی۔۔

سینئر صحافی و تجزیہ کار مظہر عباس نے  سینئر صحافی ادریس بختیار کی صحافتی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے  کہا کہ وہ اپنے جونیئر صحافیوں کے لیےایک استاد کا درجہ رکھتے تھے میں نے خود ان سے خبر بنانا سیکھی۔ وہ  کراچی میں منگل کی شام سینئر صحافی ادریس بختیار کی زندگی پربنائی  جانے والی ایک دستاویزی فلم کی رونمائی  کے موقع پر صدارتی خطاب کررہے تھے ۔ ادریس بختیار کی زندگی پر دستاویزی فلم کے ڈائریکٹر اورپروڈیوسر سینئر صحافی ریاض عاجز ہیں ۔ تقریب کا اہتمام ہفت روزہ ٹریڈ یونین پاکستان اور وی ٹرسٹ نے کیا تھا۔ مظہر عباس کا کہنا تھا کہ ہمارے نظریاتی اختلاف ضرور تھے لیکن وہ کبھی بھی ہماری صحافتی معاملات میں آڑے نہیں آئے ، وہ ہمیشہ بزرگ اور دوست کی طرح محبت سے پیش آتے تھے وہ خبرکی اہمیت اور حساسیت کو جانتے تھے اور اصلاح کرنے کی کوشش کرتے تھے ۔تقریب کے مہمان خصوصی روزنامہ  نئی  بات کے ایڈیٹر مقصود یوسفی کا کہنا تھا کہ مجھے تو ادریس بختیار کا بندہ کہا جاتا تھا وہ بہت مشفق اور ہمدرد انسان تھے اور چھوٹے بڑے سب کا مان رکھتے تھے۔ وی ٹرسٹ کے چیئرمین  پروفیسر شفیع ملک نے کہا کہ ادریس بختیار کی فیملی ہماری پڑوسی رہی ہے ان کے بارے میں یہ بات وثوق سے کہی جاسکتی ہے کہ وہ ایک ایماندار اور پروفیشنل صحافی تھے ۔پروفیسر شفیع ملک کاکہنا تھا کہ آج کل تو اعلی تعلیمی اداروں سے تعلیم یافتہ نوجوان پریشان ہیں کیونکہ موجودہ حالات میں ملک اور ملک سے باہر ان کے لیے ملازمت کے مواقع کم ہوتے جارہے ہیں ۔صحافیوں کو ان حالات پر بھی اپنا قلم اٹھانا چاہیے۔ ادریس بخیتار کے بھائی ابرار بختیار نے ریاض عاجز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے  کہا کہ انھوں نے بڑے بھائی  کی زندگی پر ڈاکومنٹری بنا کرہمارے دل جیت لیے انھوں نے کہاکہ ادریس بھائی  نے زندگی میں پیسہ نہیں عزت کمائی  اور وہ ہم سب کو بھی یہی تعلیم دیتے تھے۔ ریاض عاجز نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتےہوئے  کہا کہ میں کئی  اہم شخصیات کی زندگی پر دستاویزی فلم بنا چکا ہوں ادریس بختیار بھی ایک ایسی شخصیت تھی جن کی خدمات کو منظر عام پر لانے کی ضرورت تھی اور وہ کوشش میں نے کی ۔ای اوبی آئی  کے سابق افسر تعلقات عامہ اور سوشل سیفٹی نیٹ ورک کے چیئرمین اسرار ایوبی نے ادریس بختیار کو خراج عقیدت منظوم کلام سے پیش کیا۔ تقریب سے حبیب الدین جنیدی، عطا تبسم،کامریڈ وارث رضا،طارق شاداب ، رفعت سعید،عابد حسین،خلیل ناصر نے خطاب کیا۔ تقریب کی نظامت ہفت روزہ ٹریڈ یونین کے چیف ایڈیٹر شاہد غزالی نے کی۔تقریب کے آغاز میں ادریس بختیار کی زندگی پر دستاویزی فلم دکھائی  گئی۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں