بزرگ صحافی ،کراچی یونین آف جرنلسٹس (دستور)کے سابق صدر اور کراچی پریس کلب کے ممبر علی حمزہ خان(برادر)جمعہ کوبہ رضائے الہی وفات پاگئے، ان کی عمر82 برس تھی اور انہوں نے پس ماندگان میں بیوہ اور دو صاحب زادے عبید حمزہ اور طارق حمزہ سوگوار چھوڑے ہیں۔ برادر علی حمزہ کی نماز جنازہ جمعہ کو بعد نماز عشا جامع مسجد شادمان ٹاﺅن میں ادا کی گئی جس میں ان کے عزیز واقارب، صحافیوں،وکلا اور اہل محلہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی، بعد ازاں انہیں سخی حسن قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔
کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی ،سیکرٹری محمدرضوان بھٹی اور دیگر عہدیداروں نے سینئر صحافی ،کراچی یونین آف جرنلسٹس (دستور)کے سابق صدر اور کراچی پریس کلب کے ممبر علی حمزہ خان(برادر) کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے اسے شعبہ صحافت کے لیے ایک عظیم نقصان قرار دیا ہے ۔اپنے تعزیتی بیان میں کراچی پریس کلب کے عہدیداروں نے کہا کہ برادر حمزہ کسی شخصیت نہیں بلکہ ایک ادارے کا نام تھے ۔انہوں نے اپنے کام سے صحافت کے شعبے کو اعتبار بخشا اور کورٹ رپورٹنگ کے حوالے سے وہ سند کی حیثیت رکھتے تھے ۔کراچی پریس کلب کے عہدیداروں نے کہا کہ شہر قائد کے لاتعداد صحافیوں نے ان سے صحافت کے گر سیکھے وہ نوجوان صحافیوں کے لیے ایک اکیڈمی کا درجہ رکھتے تھے ۔انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے لیے حقوق کے لیے وہ ساری زندگی سرگرم رہے اور بحیثیت صدر کراچی یونین آف جرنلسٹس (دستور) ان کی خدمات کسی ڈھکی چھپی نہیں ہیں ۔وہ صحافیوں کے حقوق کے لیے اٹھنے والی سب سے توانا آواز تھی ۔کراچی پریس کلب کے عہدیداروں نے مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں اعلیٰ مقام اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ دریں اثنا کراچی یونین آف جرنلسٹس (دستور)کے صدر راشد عزیز اور سیکرٹری موسیٰ کلیم نے سینئر صحافی ،کراچی یونین آف جرنلسٹس (دستور)کے سابق صدر ار کراچی پریس کلب کے ممبر برادر علی حمزہ خان کے انتقال پر تعزیت کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کراچی کی صحافت اپنے عظیم سرمائے سے محروم ہوگئی ہے ۔مرحوم برادر علی حمزہ کی صحافتی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا ۔علاوہ ازیں کراچی یونین آف جرنلسٹس (کے یو جے) کے صدر اعجاز احمد، جنرل سیکریٹری عاجز جمالی اور مجلس عاملہ کے اراکین نے سینئر صحافی، روزنامہ جنگ کراچی کے سابق کورٹ رپورٹر علی حمزہ خان (برادر) کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحافی برادری آج ایک منجھے ہوئے صحافی، ایمان دار اور شفیق انسان سے محروم ہوگئی، جن کا نعم البدل مشکل ہی سے ملے گا۔ کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور گروپ کے چیئرمین ناصر محمود سینئر ڈپٹی چیئرمین ذبیر ابراہیم ڈپٹی چیئرمین طارق اسلم اور محمد عارف خان نے اپنے تعزیتی پیغام میں دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم برادر علی حمزہ خان نے صحافت اور بلخصوص کورٹ رپورٹنگ میں بڑی نمایاں خدمات انجام دیں مرحوم آخر وقت جنگ اخبار کراچی میں کورٹ رپورٹنگ کے فرائص انجام دیتے رہے۔۔کے یو جے کے صدر شاہد اقبال اور جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی سمیت مجلس عاملہ کے تمام اراکین کی جانب سے جاری ایک تعزیتی بیان میں برادر علی حمزہ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مرحوم ایک سینئر صحافی تھے کراچی کی صحافی برادری میں ان کے درجنوں شاگرد ہیں۔ آج دنیائے صحافت ایک بہترین صحافی سے محروم ہوگئی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ دکھ کی اس گھڑی میں کراچی سمیت ملک بھر کی صحافی برادری برادر علی حمزہ کے اہلخانہ کے ساتھ ہے۔ کے یو جے نے برادر علی حمزہ کی مغفرت، درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی بھی دعا کی ہے۔