کراچی یونین آف جرنلسٹس (کے یو جے) کے صدر اعجاز احمد، جنرل سیکریٹری عاجز جمالی، نائب صدور محمد ناصر شریف، لبنیٰ جرار، خازن یاسر محمود، جوائنٹ سیکریٹریز رفیق بلوچ، طلحہٰ ہاشمی اور اراکین مجلس عاملہ نے سی ٹی ڈی کی جانب سے روزنامہ جنگ کراچی کے سینئر رپورٹر محمد ندیم اورایک شہری کو شارٹ ٹرم کڈنیپنگ کی غرض سے منی بس سے اتار کر لے جانے کی شدید مذمت کی ہے۔ کے یو جے کے عہدے داروں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ کراچی میں پولیس والوں کی غیر قانونی سرگرمیاں بڑھتی جارہی ہیں، جو عام شہریوں کے بعد اب صحافیوں تک بھی جا پہنچی ہیں۔انہوں نے استفسار کیا کہ کیا یہ سی ٹی ڈی کا کام ہے کہ وہ منی بسوں سے شہریوں کو اتار کر اغواء کرے؟ انہوں نے گورنر سندھ، وزیر اعلیٰ، ڈی جی رینجرز، آئی جی پولیس اور ڈی آئی جی سی ٹی ڈی سے مطالبہ کیا کہ وہ محمد ندیم اور دوسرے شہری کے اغواء میں ملوث پولیس والوں کو گرفتار کرکے ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کریں اور انہیں نوکری سے برطرف بھی کیا جائے۔
سینئر رپورٹر کی شارٹ ٹرم کڈنیپنگ کی کوشش۔۔۔
Facebook Comments