اداکارہ و ٹی وی میزبان جگن کاظم نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان کے سینئر فن کار پروڈکشن ہاؤسزیا ایونٹ آرگنائزرز سے ایک ایک برگر کے پیسے وصول کرتے ہیں۔حال ہی میں انہوں نے ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے سفری تجربات کے ساتھ پاکستانی اداکاروں کے رویوں پر بھی کھل کر بات کی۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں بہت ہی منظّم انداز میں پیکنگ کرتی ہوں اور 5 روز قبل ہی تیاری مکمل کرلیتی ہوں۔انہوں نے مزید بتایا کہ کبھی اضافی سامان کے ساتھ سفر نہیں کرتی اسی لیے سامان کے اضافی چارجز دینے سے بچ جاتی ہوں۔ان کا بنکاک کے سفر کے دوران دلچسپ واقعہ سناتے ہوئے کہنا تھا کہ لوگ اضافی سامان کے چارجز بچانے کے لیے کئی حربے آزماتے ہیں، ایک شخص نے اضافی چارجز بچانے کے لیے شدید گرمیوں میں جیکٹس اور کئی گرم کپڑے پہنے ہوئے تھے۔انہوں نے پاکستانی سیلیبریٹیز کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا کہ جہاز میں ہماری شخصیات کے علاوہ اور کوئی سن گلاسز لگا کر نہیں بیٹھتا۔انہوں نے خود انحصاری پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ آج تک جو کیا، اپنے بل بوتے پر کیا، یہ نہیں کہ کبھی کسی نے جہاز کا ٹکٹ خرید کر دیا، تو کبھی کسی اور نے، تاہم جب میں کام کے لیے سفر کرتی ہوں تو یہ ڈیمانڈ کرتی ہوں کہ بزنس کلاس کا ٹکٹ لے کر دیں۔کام کے دوران بیرون ملک جانے کے ایک واقعے کا ذکر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں ایک ایونٹ کے لیے بیرون ملک گئی، جہاں انڈسٹری کے ایک سینئر فن کار بھی ساتھ تھے۔ان فن کار نے محض 6 ڈالر کا ایک برگر خریدا اور اس کی رسید ایونٹ انتظامیہ کو تھمادی۔فن کار کے رویے پر بات کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ ان موصوف نے ایونٹ کمپنی سے کہا کہ میں نے یہ برگر کھایا تھا اور اب مجھے اس کے پیسے چاہئیں، جس پر لڑائی بھی ہوگئی۔