سینیئر اداکارہ فضیلہ قاضی نے حکومت کی جانب سے اب تک صدارتی ایواڈ نہ ملنے کا شکوہ کردیا۔اداکارہ نے حال ہی میں اپنے شوہر کے ہمراہ ایک نجی ٹی وی کے شو میں شرکت کی جہاں جوڑے نے مختلف معاملات پر گفتگو کی۔شو میں گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ فضیلہ قاضی نے ریاستی ایوارڈز کے طریقہ کار پر شکوہ کیا، ساتھ ہی قیصر نظامانی نے ریاست اور حکومت کا ایوارڈ دینے پر شکریہ بھی ادا کیا۔قیصر نظامانی نے کہا کہ مجھے اس وقت صدارتی ایوارڈ دیا گیا تھا جب ہر کسی کو ایوارڈ نہیں ملتا تھا اور صرف کام کی بدولت ہی فنکاروں کو ایوارڈز ملتے تھے۔اسی بات پر فضیلہ قاضی نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ صدارتی ایوارڈ حاصل کرنا یا ملنا بہت بڑی کامیابی ہوتی ہے اور ایسے ایوارڈز پر فخر بھی کیا جاتا ہے۔اداکارہ فضیلہ نے طنزیہ انداز میں کہا کہ شکر ہے کہ ان کے شوہر کو ایسے وقت میں ایوارڈ ملا جب ایسے ویسے لوگوں کو ایوارڈ نہیں مل رہا تھا۔اداکارہ نے مزید انکشاف کیا کہ صدارتی ایوارڈ کے لیے میری فائل بھی پچھلے پانچ سال سے وہیں پڑی ہوئی ہے، ٹی وی چینلز سمیت مختلف افراد صدارتی ایوارڈز سمیت دیگر ریاستی ایوارڈز کے لیے سفارش دیتے ہیں، اس لیے ایسے ایوارڈز کی فائلیں بنتی ہیں۔فضیلہ قاضی نے شکوہ کیا کہ ایوارڈز دینے والوں اور سفارش کرنے والوں کو میں نظر نہیں آتیں، کوئی دوسرا نظر آجاتا ہے، نجانے کیبنیٹ ڈویژن میں کون لوگ بیٹھے ہیں، جنہیں کام والے نظر نہیں آتے لیکن انہیں نہ جانے اور کون کون نظر آجاتا ہے۔