سینیئر آرٹسٹ شگفتہ اعجاز کے شوہر یحیی صدیقی انتقال کر گئے۔وہ طویل عرصے سے بیمار تھے ۔ان کے انتقال کی خبراداکارہ نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن انسٹا گرام پر دی۔پوسٹ میں شگفتہ اعجاز نے اپنے شوہر کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ان کے شوہر بروز جمعرات خالق حقیقی سے جا ملے ہیں۔انہوں نے اپنے شوہر کی مغفرت کے لیے دعا اور سورۃالفاتحہ پڑھنے کی درخواست کی۔شگفتہ اعجاز کے شوہر یحیی صدیقی گذشتہ پانچ سال سے کینسر کے عارضے میں مبتلا تھے۔ وہ کئی دنوں سے اسپتال میں زیر علاج تھے ، جہاں ان کی حالت تشوشناک بتائی جارہی تھی۔شگفتہ اعجاز نے حال ہی میں اپنے وی لاگ میں بتایا تھا کہ ان کے شوہر کی حالت ٹھیک نہیں ہے۔ بیمار شوہر کی خدمت اور تیمارداری کی خاطر انہوں نے گزشتہ 6 ماہ سے کسی بھی ڈرامے میں کام نہیں کیا، کیوں کہ ان کے لیے پہلی ترجیح اپنے پیارے اور خاندان رہا ہے۔ شگفتہ اعجاز نے حال ہی میں اپنی شادی کی سالگرہ ہسپتال میں داخل شوہر یحیٰ صدیقی کےساتھ منائی، جس کا ولاگ انہوں نے یوٹیوب پر شیئر کیا۔سالگرہ کے ولاگ میں انہوں نے شوہر کی بیماری پر بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں سکون اور خوشی ہے کہ انہوں نے ان کی تیمارداری کی، انہیں تکلیف پہنچنے نہیں دی۔انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ شادی کی سالگرہ پر بیمار شوہر نے نہ صرف انہیں پہچانا بلکہ انہیں گلے بھی لگایا اور بچوں کو ساتھ دیکھ کر مسکرا پڑے، جس پر انہیں بھی سکون ملا۔یاد رہے کہ یہ یحیی صدیقی اور شگفتہ اعجاز دونوں کی دوسری شادی تھی اور دونوں کے پہلی شادی سے دو دو بچے ہیں۔ دونوں کی مشترکہ دو بچیاں بھی ہیں۔یحییٰ صدیقی کے انتقال پر شگفتہ اعجاز کے مداحوں اور شوبز شخصیات کی جانب سے گہرے دُکھ کا اظہار کیا جارہا ہے۔
سینئر اداکارہ کے شوہر انتقال کرگئے۔۔
Facebook Comments