selaab zadgaan shadeed mushkilaat se dochaar hein senior sahafion ka inkeshaaf

سیلاب زدگان شدید مشکلات سے دوچار ہیں، سینئر صحافیوں کا انکشاف۔۔

سینئر صحافیوں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے کہا ہے کہ بلوچستان میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کے باعث خواتین کی بڑی تعداد مختلف امراض کا شکاراور مشکلات سے دوچار ہیں ،صوبے میں لڑکیوں کی تعلیم بھی بری طرح متاثر ہورہی ہے،حکومت خواتین کے مسائل پر اعداد شمار فراہم کرے تاکہ ان کے مسائل کو اجاگر کیا جا سکے ۔ یہ بات سینئر صحافی سلیم شاہد ، بلوچستان وومن بزنس ایسوسی ایشن کی صدر ثناء درانی ، چائلڈ رائٹس موومنٹ کے نمائندے میر بہرام لہڑی ، صحافی ظفر بلوچ ، بہرام بلوچ ، غالب نہاد ، نمرہ ملک سمیت دیگر نے وومن لیڈ الائنس اور بلوچستان وومن بزنس ایسوسی ایشن کے تعاون سے صحافیوں کے ساتھ آگاہی نشست کے موقع پر گفتگو میں کہی ۔ اس موقع پر بلوچستان میں خواتین کے مسائل اور ان کے حل کے لئے مشترکہ جدوجہد پر اتفاق کیا گیا ۔ پروانشل کوارڈینٹر نمرہ ملک نے وومن لیڈ الائنس کی حکمت عملی سے آگاہ کیا ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے سینئر نائب صدر سلیم شاہد نے کہا کہ وومن لیڈ الائنس بلوچستان کی تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت سے ملاقات کرکے خواتین کے مسائل پر ان کا موقف لے اور ان سے خواتین کے حقوق کے حوالے سے تعاون طلب کرے ۔ بلوچستان وومن بزنس ایسوسی ایشن کی صدر ثناء درانی نے کہا کہ چائلڈ رائٹس موومنٹ نے ایک سال تک خواتین کے حقوق پر ایڈوکسی کی اور کم عمری کی شادی ، گھریلو تشدد اور صوبائی کمیشن برائے خواتین کے حوالے سے کام کیا،بلوچستان وومن بزنس ایسوسی ایشن اور وومن لیڈ الائنس مل کر ان امور پر مزید کا کام کریں گے ۔ سینئر صحافی میر بہرام بلوچ نے کہا کہ ہم اس پلیٹ فارم کے زریعے حکومت بلوچستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ بتایا جائے کہ سیلاب زدہ علاقوں میں کتنی خواتین حاملہ ہیں تاکہ ان کی بروقت مدد کی جاسکے انہوں نے کہا کہ حکومت یہ بھی بتائے کہ کتنی لڑکیوں کے سکول سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں اور کتنی لڑکیاں اسکول سے باہر ہیں ۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں