محکمہ اطلاعات و ثقافت پنجاب کے سیکرٹری طاہر رضا ہمدانی سے صحافی کالونی ایف بلاک کور کمیٹی کے وفد نے سول سیکرٹریٹ آفس میں ملاقات کی، پنجاب جرنلسٹس ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کے ڈی ایم ڈی ڈی سلیم ساگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ایف بلا ک کور کمیٹی کے چیئرمین شیر افضل بٹ، وائس چیئرمین اسجد شہزاد ، جنرل سیکرٹری محبوب چوہدری ، سیکرٹری اطلاعات صبا ممتاز بانو اور فنانس سیکرٹری سرفراز بٹ نے سیکرٹری اطلاعات حکومت پنجاب کو ایف بلاک میں الاٹمنٹ اور پوزیشن لیٹرز ہونے کے بوجود ڈیمارکیشن نہ دینے ،بجلی فراہمی کے منصوبے میں التوائ، گیٹوں کی صورت میں ہونے والی تجاوزات ،سیوریج لائن اورباؤنڈری وال کی جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ،مین گیٹ کی تعمیر نہ ہونے سمیت دیگردرپیش مسائل بارے آگاہ کیا۔سیکرٹری اطلاعات طاہر رضا ہمدانی نے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے موقع پر موجود ڈی ایم ڈی پی جے ایچ ایف کو ہدایت کی کہ صحافی کالونی ایف بلاک میں ممبرز کو درپیش مسائل کا فوری تدارک کیا جائے۔ڈی ایم ڈی پی جے ایچ ایف سلیم ساگر نے سیکرٹری اطلاعات پنجاب اورکورکمیٹی کے وفد کو یقین دہانی کروائی کہ ایف بلاک میں ترقیاتی کاموں اور ڈیمارکیشن کے بارے میں محکمے سے جلد بریفنگ لے کر اقدامات کئے جائیں گے۔