سرکاری اشتہارات کی ادائیگیاں ورکرز کی بروقت تنخواہوں سے مشروط۔۔

پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا اداروں کو سرکاری اشتہارات کی ادائیگیاں ورکرز کی بروقت تنخواہوں سے مشروط کردی گئیں۔صحافیوں کے مسائل کے حل کے لیے پنجاب حکومت کی قائم کردہ کمیٹی کا دوسرا اجلاس ہوا جس کی صدارت سیکریٹری اطلاعات طاہر رضا ہمدانی نے کی اور اجلاس میں اہم فیصلے کرتے ہوئے طے پایا کہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا اداروں کو سرکاری اشتہارات کی ادائیگیاں ورکرز کی بروقت تنخواہوں سے مشروط ہوں گی۔فیصلے کے مطابق ورکرز کو تنخواہیں وقت پر ادا نہ کرنے کی صورت میں ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز (ڈی جی پی آر) کو اداروں کو ادائیگیاں روکنے کا اختیار حاصل ہوگا۔اجلاس میں طے کیا گیا کہ تمام میڈیا ادارے ماہانہ بنیادوں پر اپنے ورکرز کو دی گئی تنخواہوں کا سرٹیفکیٹ ڈی جی پی آر کو جمع کرانے کے پابند ہوں گے۔اجلاس میں صدر اے پی این ایس سرمد علی، صدر سی پی این ای کاظم خان، سیکریٹری ایمنڈ طارق محمود، سینئر وائس پریذیڈنٹ سی پی این ای ایاز خان اور اے پی این ایس کے اراکین نوراللہ اور محسن ممتاز نے شرکت کی۔کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ صحافیوں کو ایکریڈیٹیشن کارڈز کے اجرا کے لیے تجربے کی لازمی مدت دس سال سے کم کرکے پانچ سال کر دی جائے گی۔اجلاس میں تمام صحافتی تنظیموں نے ڈمی اخبارات کے خاتمے کے لیے ڈی جی پی آر کو مکمل تعاون فراہم کرنے کا اعلان بھی کیا۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں