آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی نے وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی سے درخواست کی ہے کہ وہ اخبارات کیلئے سرکاری اشتہارات کے نرخوں میں اضافہ کا طویل عرصہ سے زیر التوا عمل تیز کرنے کیلئے اقدامات کریں ۔ سیکرٹری جنرل سرمد علی نے اے پی این ایس کی ایگزیکٹو کمیٹی کی جانب سے عشائیہ میں وزیر اطلاعات کو اس امر سے مطلع کیا کہ سابق وزیراعظم شہباز شریف نے سرکاری اشتہارات کے نرخوں میں 35فیصد اضافہ کا اعلان کیا تھا، مگر ان کی حکومت وقت سے پہلے تحلیل ہونے کے باعث نوٹیفیکیشن جاری نہ ہوسکا۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ محکمہ اطلاعات کی سمری ابھی تک کیبنٹ ڈویژن میں کابینہ کی منظوری کیلئے ِ التوا کا شکار ہے۔ انہوں نے درخواست کی کہ سمری وفاقی کابینہ کے آئندہ ہونے والے اجلاس میں پیش کی جائے۔وزیر اطلاعات نے نگراں حکومت کی پالیسیوں کی تفصیل سے وضاحت کرتے ہوئے اس بات کی یقین دہانی کروائی کہ حکومت میڈیا کے مفادات کے تحفظ اور ملک میں آزادی صحافت کی حفاظت کو مقدم تصور کرتی ہے ۔ وزیر اطلاعات نے اس بات کی بھی یقین دہانی کروائی کہ وزارت اطلاعات سرکاری اشتہارات کے نرخوں میں اضافہ کے نوٹیفیکشن کے عمل کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچائے گی۔قبل ازیں اے پی این ایس کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس 9ستمبر کو اسلام آباد میں اے پی این ایس کی صدر ناز آفرین سہگل لاکھانی کی زیر صدارت ہوا۔ ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین نے اس امر پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے کہ سابقہ حکومتوں کی متعدد یقین دہانیوں کے باجود اخبارات کو جاری کیے جانے والے اشتہارات کے واجبات تاحال ادا نہیں کیے گئے۔