اخبارات اور جرائد کیلئے سرکاری اشتہارات کے نرخوں میں اضافے کے طویل عرصہ سے کیے جانے والے مطالبے کو منظور کرنے پر آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی (اے پی این ایس) نے وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا ہے۔ اے پی این ایس کے سیکریٹری جنرل سرمد علی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وزیراعظم نے اے پی این ایس، پی بی اے اور سی پی این ای کے وفد کے ساتھ ملاقات میں اخباری صنعت کے مطالبے کو منظور کیا ہے اور سرکاری اشتہارات کے نرخوں میں 35؍ فیصد اضافے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نرخوں میں آخری اضافہ 6؍ سال قبل فروری 2017ء میں کیا گیا تھا اور اُس وقت حکومت نے اتفاق کیا تھا کہ ان نرخوں پر سالانہ بنیادوں پر نظرثانی کی جائے گی لیکن مسلسل مطالبات کے باوجود نرخوں میں اضافہ نہیں کیا گیا۔ وزیراعظم کی جانب سے کیے گئے اقدام کو اخباری صنعت قابل تعریف سمجھتی ہے کیونکہ اس سے صنعت کو ملک میں جاری مہنگائی کی لہر سے معاشی مسائل سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔ اے پی این ایس نے وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کی مدد اور اخباری صنعت کو بحران سے نکالنے کیلئے کیے جانے والے اقدامات پر ان کا بھی شکریہ ادا کیا جس سے طویل عرصہ سے زیر التوا مسائل حل کرنے میں مدد ملی۔
سرکاری اشتہارات کے نرخوں میں پینتیس فیصد اضافہ۔۔
Facebook Comments