سارہ انعام قتل کیس اپنے حتمی مراحل میں داخل ہوگیا۔ مرکزی ملزم شاہنواز امیر نے دفعہ 342 کے تحت بیان قلمبند کرالیا۔ عدالت نے ملزم کو اپنے دفاع میں بیان یا ثبوت پیش کرنے کیلئے ایک ہفتے کی مہلت دے دی۔سیشنز جج ناصر جاوید رانا نے سارہ انعام قتل کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت پراسیکیوٹر حسن عباس ایڈووکیٹ، کیس کے تفتیشی افسر نوازش علی کیس ریکارڈ سمیت عدالت میں پیش ہوئے۔ شریک ملزمہ ثمینہ امیر شاہ حاضری سے مستقل استثنیٰ ہونے کے باوجود عدالت میں پیش ہوئیں۔وکیل مدعی راؤ عبدالرحیم ایڈووکیٹ عمرہ کی ادائیگی کے لیے ملک سے باہر ہونے کی وجہ سے عدالت میں پیش نہ ہو سکے۔دوران سماعت ملزم شاہنواز امیر شاہ کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ ملزم نے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے بے بنیاد قرار دیا اور 342 کے تحت بیان مکمل کرالیا۔عدالت نے استفسار کیا کہ اپنے دفاع میں کوئی بیان یا کسی قسم کا ثبوت پیش کرنا چاہتے ہیں؟ ملزم شاہنواز امیر شاہ نے اگلی سماعت تک کچھ وقت دینے کی استدعا کی۔ عدالت نے آئندہ سماعت تک وقت دیتے ہوئے کیس کی سماعت یکم نومبر تک ملتوی کردی۔

سارا انعام قتل کیس، ملزم کو دفاع کیلئے ایک ہفتے کی مہلت۔۔
Facebook Comments