نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ صحافت اور سیاست کا چولی دامن کا ساتھ ہے، جمہوریت میں اختلاف رائے معمول کی بات ہے، میں خود صحافی برادری سے ہوں، ہمیشہ آزادی اظہار رائے کا حامی رہا ہوں اور اب بھی اس پر کاربند ہوں۔ یہ بات انہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس کے پریس لاؤنج میں پی آر اے کے صدر عثمان خان اور دیگر صحافیوں سے ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر پی آئی او طارق خان بھی موجود تھے۔ نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ تمام صحافیوں کے ساتھ ہمیشہ عزت و احترام والا رشتہ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض اوقات تلخ باتیں بھی ہو جاتی ہیں لیکن یہ جمہوریت کا حصہ ہیں، ہم نے گزشتہ روز ایک پریس ریلیز بھی جاری کی تھی جو نگران حکومت کی ترجمانی کرتی ہے۔ علاوہ ازیں نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران نگراں وزیر مرتضیٰ سولنگی نے پاکستان میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کو یقینی بنانے کے لئے نگراں حکومت کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے متحرک اور غیر جانبدار میڈیا کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
صحافیوں سے احترام والا رشتہ ہے، مرتضی سولنگی۔۔
Facebook Comments