sahafion par tashaddud sho muattil

صحافیوں پر تشدد، ایس ایچ او معطل۔۔

اسلام آباد پولیس کے صحافیوں پر تشدد کا چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے نوٹس لیتے ہوئے آئی جی اور کمشنر کو طلب کرلیا جبکہ آئی جی نے ایس ایچ او تھانہ شالیمار کو معطل کردیا۔ قبل ازیں اسلام آباد پولیس نے ایکسپریس نیوز اور نیو نیوز کے کورٹ رپورٹرز کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے تمام کورٹ رپورٹرز کو دھکے دے کر احاطہ عدالت سے باہر نکال دیا۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیشی کے دوران اسلام آباد پولیس نے ہائی کورٹ میں موجود کورٹ رپورٹرز کو دھکے دے کر باہر نکال دیا۔ اس موقع پر ہائی کورٹ کے سیکیورٹی رجسٹرار بھی موجود تھے تاہم وہ بے بس رہے، پولیس نے ہائی کورٹ رجسٹرار آفس کی بات بھی ماننے سے انکار کر دیا۔ پولیس نے ایکسپریس نیوز کے سینئر کورٹ رپورٹر ثاقب بشیر اور نیو نیوز کے کورٹ رپورٹر ذیشان سید پر تشدد کیا اور انہیں ہائی کورٹ سے اٹھا کر باہر پھینک دیا۔ اسلام آباد پولیس کے اہل کاروں نے دونوں پر تشدد کرتے ہوئے کورٹ رپورٹر ذیشان سید کا موبائل فون بھی چھین لیا۔ ہائی کورٹ کی چار دیواری پر موجود صحافیوں نے اس تشدد کی ویڈیو بنالی جو کہ وائرل ہوگئی، صحافیوں کی جانب سے واقعے پر احتجاج کیا گیا اور آئی جی سے واقعے کی تحقیقات اور اہلکاروں کی غنڈہ گردی کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔ دریں اثنا ترجمان اسلام آباد کیپیٹل پولیس کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں صحافیوں پر تشدد کے معاملے میں آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خاں نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا۔ دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جسٹس عمرفاروق نے صحافیوں پر تشدد کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی اسلام آباد اور کمشنر اسلام آباد کو پیش ہونے کی ہدایت کردی۔ چیف جسٹس نے اے سی عبداللہ کی احاطہ عدالت میں موجودگی پرحیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چیف کمشنر وضاحت دیں اسسٹنٹ کمشنر احاطہ عدالت میں کیا کرنے آئے ہیں۔ علاوہ ازیں آئی جی اسلام آباد نے عمران خان کی پیشی کے موقع پر پولیس نے صحافیوں پر پولیس اہلکاروں کے تشدد کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ شالیمار شاہد زمان کو معطل کر دیا جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا علاقہ تھانہ رمنا کی حدود میں آتا ہے۔

ابصارعالم حملہ کیس، ملزمان پر فردجرم عائد نہ ہوسکی۔۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں