مجلس وحدت المسلمین نے جمعہ کو مظاہرے میں صحافیوں پر تشدد کے واقعے پر معذرت کی ہے۔ جمعہ کی شب مجلس وحدت المسلمین کے تحت پشاورواقعہ کے خلاف احتجاج کی کوریج کے دوران صحافیوں کوتشدد کانشانہ بنایا گیاتھا۔جس کہ کراچی پریس کلب اور تمام صحافی تنظیموں نے شدید ردعمل کا اظہارکیا تھا۔ہفتہ کو مجلس وحدت المسلمین کے ایک وفد نے کراچی پریس کلب کا دورہ کیا اور کراچی پریس کلب کے عہدیداروں اور متاثرین سے ملاقات کی۔ اس موقع پر کراچی پریس کلب کے سیکرٹری محمد رضوان بھٹی نے کہاکہ ایم ڈبلیوایم کے احتجاج کے موقع پراس سے قبل بھی پیشہ وارانہ فرائض ادا کرنے والے صحافیوں کونشانہ بنانے کے واقعات رونماہوئے ہیں جوافسوسناک ہیں اگرایم ڈبلیوایم نے مستقبل میں اس روش کوترک نہ کیا توصحافی بھی اپنا لائحہ عمل بنانے پر مجبور ہوں گے۔ہفتہ کوصوبائی سیکرٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی، کراچی ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ صادق جعفری، رہنما مولانا ملک عباس،مولانا ظہیر عباس صوبائی سیکرٹری اطلاعات سید علی احمر زیدی، کراچی کے سیکرٹری اطلاعات آصف صفوی نے ہفتہ کوکراچی پریس کلب میں سیکرٹری محمدرضوان بھٹی ،گورننگ باڈی کے ارکان خلیل ناصر اور فاروق سمیع سی آر اے کے صدر را عمران اشفاق ،جوائنٹ سیکرٹری مونس سراج،خازن سلمان لودھی ،ممبر گورننگ باڈی فیضان جلیس،سالک شاہ ،کے یو جے کے صدر راشدعزیز،ایسوسی ایشن آف کیمرہ جرنلسٹ کے نائب صدر شکیل خان اورفاروق احمدسے ملاقات کی۔اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے رہنمائوں نے احتجاج کی کوریج کرنے کے دوران مظاہرین کے تشدد نشانہ بنے والے رپورٹرزاور کمیرہ مین سمیت دیگرصحافیوں سے معذرت کرتے ہوئے صحافیوں ، کیمرہ مینز اور فوٹو گرافرز پر ہونے والے تشدد پر معافی مانگی۔مجلس وحدت مسلمین کے رہنمائوں نے کہاکہ ان کی جماعت آزادی اظہار رائے پر یقین رکھتی ہے اور ہمیشہ صحافی برادری کے ساتھ کھڑی رہی ہے،گزشتہ روز ریلی کے دوران پیش آنے والے ناخوشگوار واقعہ سے مجلس وحدت مسلمین کا کوئی تعلق نہیں،ہم نے ہمیشہ اصولوں اور اقدار کو مقدم رکھاشرپسندی کے کسی عمل کا کبھی حصہ نہیں بنے،مجلس وحدت مسلمین کی اپیل پر شروع کی گئی ریلی میں مختلف جماعتوں کے کارکنان اور شہری بھی موجود تھے،شرپسندی کے حوالے سے مجلس وحدت مسلمین زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے،ناخوشگوار واقعہ میں نشانہ بنے والے تمام کمیرہ مین و رپورٹرصحافی حضرات سے معذرت خواہ ہیں۔
