بلوچستان یونین آف جرنلسٹس نے تباہ کن مہنگائی کے دور میں بھی میڈیا ورکرز بالخصوص اخبارات سے وابستہ صحافیوں اور ملازمین کو قلیل تنخواہیں دینے، تنخواہوں میں تاخیر اور خصوصی الاونسز نہ دینے کو تشویشناک اور باعث افسوس قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اخبارات سے وابستہ صحافیوں اور دیگر ملازمین کو تو حکومت کی جانب سے مقرر مزدور کی کم سے کم اجرت برابر بھی تنخواہیں نہیں دی جارہی۔ حکومت قانون پر عملدرآمد کرائے۔ بعض اخبارات میں تنخواہوں میں کئی ماہ کی تاخیر کا بھی نوٹس لیا جائے۔بی یو جے کے صدر عرفان سعید جنرل سیکرٹری منظور احمد اور کابینہ کے دیگر ارکان نے اپنے مشترکہ بیان میں بلوچستان حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ صوبے میں اخبارات سے وابستہ صحافیوں اور میڈیا کارکنوں کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں پر اقدامات کرے۔ تنخواہیں انتہائی کم اور بعض اخبارات کی جانب سے مہینوں تنخواہیں تاخیر کا شکار ہیں جس کے باعث میڈیا کی صنعت سے وابستہ افراد شدید معاشی پریشانیوں کا شکار ہوکر ذہینی اذیت سے دوچار ہیں بی یو جے رہنماوں نے کہا ہے کہ 25 ہزار مزدور کی تنخواہ مقرر ہے جبکہ اخبارات سے وابستہ صحافیوں اور دیگر کارکنان سے انتہائی کم تنخواہوں میں کام لیا جارہا ہے بعض اخبارات میں تو سب ایڈیٹرز اور رپورٹرز جیسے تکنیکی کام کرنے والوں کو 8 ہزار روپے تنخواہ دی جارہی ہے جو کہ مہنگائی کے طوفان میں ظلم ہے۔ بلوچستان یونین آف جرنلسٹس نے گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی اور سیکرٹری اطلاعات بلوچستان سے مطالبہ کیا ہے کہ میڈیا ورکرز کے معاشی مسائل کے حل کیلئے اقدامات کریں۔ بی یو جے نے میڈیا آرگنائزیشن سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ عید الفطر قریب تنخواہوں کی فراہمی یقینی بناتے ہوئے شدید مہنگائی میں پسے صحافیوں اور دیگر ملازمین کو خصوصی عید الاونس دیا جائے تاکہ وہ اپنے بچوں کیساتھ عید کو بہتر انداز میں مناسکیں۔
صحافیوں، میڈیا ورکرز کو عید الاؤنس دینے کا مطالبہ۔۔
Facebook Comments