azadi sahaafat ka aalmi din

صحافیوں کو قسطوں میں تنخواہیں دینے کا انکشاف۔۔

کراچی یونین آف جرنلسٹس نے غیراعلانیہ سنسر شپ کے آگے گھٹنے ٹیک دینے والے میڈیا مالکان کی جانب سے  اداروں میں تنخواہوں کی ادائیگی  میں مسلسل تاخیر اور قسطوں میں تنخواہیں ادا کرنے پرتشویش کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ میڈیا ہاؤسزانہی میڈیا ورکرز کے ذریعے اربوں روپے کمارہے ہیں لیکن جب تنخواہ کا وقت آتا ہے تو انہی ورکرز کو فاقوں پر مجبور کردیا جاتا ہے کے یو جے میڈیا مالکان کی اس ورکرز دشمن پالیسی کے خلاف آواز بلند کرتی رہے گی۔کراچی یونین آف جرنلسٹس کی مجلس عاملہ کااجلاس صدر کے یوجے فہیم صدیقی کی زیر صدارت کراچی پریس کلب میں ہوا۔ اجلاس میں اس بات پر تشویش کا اظہار کیا گیا کہ ملک میں غیر اعلانیہ سنسرشپ عائد کردی گئی  ہے اور میڈیا مالکان نے اس کے سامنے گھٹنے ٹیک دیے ہیں اجلاس میں اس بات پر بھی تشویش کااظہار کیا گیا کہ روزنامہ جنگ، آج نیوز، بول نیوز اور سندھی اخبار عوامی آواز میں  تنخواہوں کی ادائیگی  میں مسلسل تاخیر کی جارہی ہے اور بعض ادارے قسطوں میں تنخواہ ادا کررہے ہیں ملازمین سے کہا جاتا ہے کہ جب ضرورت ہو تو رابطہ کرلیا جائے جتنی رقم ممکن ہوگی انہیں دیدی جائے گی اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ اربوں روپے کمانے والے میڈیا ہاؤسزکا یہ رویہ انتہائی  قابل مذمت ہے اور غیر اعلانیہ سنسر شپ پر زبان بند رکھنے کا انہیں یہ انعام دیا جارہا ہے کہ میڈیا ورکرز کے ساتھ ان کے غیرقانونی اور غیرانسانی رویے پر ان کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیا جارہا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کراچی یونین آف جرنلسٹس آزادی اظہار رائے اور آزادی صحافت پر پابندی ہو یا میڈیا ورکرز مخالف کارروائیاں اپنی آواز بلند کرتی رہے گی اور جس ادارے میں ورکرز کے ساتھ ظلم یا زیادتی ہوگی کے یو جے اس کا گھیراٶ کرے گی۔ اجلاس میں مجلس عاملہ نے نیوز ون کی انتظامیہ کی جانب سے کٸی ماہ کی واجب الاادا تنخواہیں ایک ساتھ اداکرنے پربھی اطمنان کااظہارکیااور نیوزون کی انتظامیہ سے اپیل کی کہ بعض ملازمین اور انتظامیہ کے مابین تنخواہوں کی اصل رقم پر کچھ اختلافات ہیں انہیں بھی دور کرلیا جائے۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں