وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ نے کہا ہے کہ تحریکِ انصاف صحافیوں کو آن لائن ہراساں کرنے کی مہم چلا رہی ہے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ اس مذموم مہم کا مقصد صحافیوں کو نقصان پہنچانا ہے، پی ایف یو جے نے بھی صحافیوں کی آن لائن ہراسمنٹ کی مذمت کی ہے۔وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ تحریکِ انصاف کی یہ ٹارگٹڈ کمپین ہے، سوشل میڈیا پر صحافیوں پر حملے کرنے والے کسی ایک شخص کو بھی نہیں چھوڑا جائے گا، ایک ٹولہ پیدا کیا گیا ہے جس کی کوشش ہے کہ لوگوں کے گھروں تک جائے۔انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے بچوں کی تفصیلات اور ان کے ایڈریس شیئر کر کے نقصان پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے، صحافیوں اور ان کے اہلِ خانہ کو نشانہ بنانا قابلِ مذمت ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ان عناصر کے خلاف اب فیصلہ کُن کارروائی ہو گی، انہیں گرفتار کر کے عوام کے سامنے لا کھڑا کریں گے، پی ٹی آئی کا ایجنڈا ہمیں پتہ ہے یہ چاہتے ہیں کہ ملک میں انتشار ہو اور دیگر ممالک اس کا فائدہ اٹھائیں۔ وفاقی وزیر عطااللہ تارڑ نے کہا کہ صحافیوں کو آن لائن ہراساں اور ٹارگٹ کرنے کی مہم ناقابل برداشت ہے، صحافیوں کے خاندانوں تک رسائی حاصل کرکے انہیں دھمکانے کی بات کی جارہی ہے، ہم نے پالیسی فیصلہ کرلیا ہے، ایسے لوگوں کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی، ایسے لوگوں کو پکڑ کر آپ کے سامنے لائیں گے کہ یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے صحافیوں کے اہل خانہ کی نشاندہی کی اور معلومات فراہم کیں۔عطااللہ تارڑ نے صحافیوں کے سوال پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ مطیع اللہ جان گھر آگئے، یہ مسئلہ فی الحال خوش اسلوبی سے حل ہوچکا ہے، انصاف کے تقاضے پورے ہونے چاہئیں۔