ڈائریکٹر جنرل محکمہ اطلاعات سندھ محمد سلیم خان نے کہا ہے کہ سندھ حکومت صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل کےلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے ،وہ وزیر اطلاعات کی ہدایت پر اندرون سندھ کے مختلف اضلاع کا دورہ کر رہے ہیں تاکہ صحافیوں کے مسائل سے آگاہی حاصل ہوسکے، آئندہ سال صحافیوں کی فلاح وبہبود کی رقم 5 کروڑ روپے سے بڑھا کر 7 کروڑ روپے کرنے کی تجویز ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کلب عمرکوٹ میں اپنے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سندھ نے صوبہ بھر کے پریس کلبس کی گرانٹ میں خاطرخواہ اضافہ کرنے کے ساتھ انفرادی طور پر صحافیوں کی مالی معاونت کر رہی ہے۔پریس کلب عمرکوٹ مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین رسول بخش نے اپنےخطاب میں پریس کلب اور صحافیوں کے درپیش مسائل پر تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آئندہ بجٹ میں صحافیوں اور پریس کلبس کی گرانٹ میں خاطر خواہ اضافہ کیا جائےگا۔تقریب میں ڈائریکٹر انفارمیشن میرپورخاص رضا کھوسو، ڈپٹی ڈائریکٹر عمرکوٹ غوث محمد پٹھان اورمقامی صحافیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔