وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشیداحمد کا کہنا ہے کہ صحافیوں کے لئے میڈیا سٹی بنا نے کا فیصلہ کیا ہے،چینل مالکان کے لئے ہم چار چار چینلز کو ایک جگہ اکٹھا کرنے لگے ہیں،وزارت داخلہ نے سی ڈی اے کو ہدایت دی ہے کہ یونین میں رجسٹرڈ صحافی جن کے پاس رہائشیں نہیں ہیں انکی درخواستیں لی جائیں ۔تفصیلات کے مطابق پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید احمدنے کہا کہ پنجاب حکومت کی درخواست پر مریم نواز کی پیشی پر رینجرز کی تعیناتی منظوری دے دی ہے، اپوزیشن عمرا ن خان کے لئے اللہ کی طرف سے اس کی بہتری کے راستے بنا رہی ہے، مریم نواز ضمانت کروانے کے باوجود کارکنوں کو نیب آفس پہنچنے کی ہدایت کررہی ہیں۔لوگوں سے اپیل کرنا چاہتا ہوں کہ لاہور میں کوروناکیسز کی شرح بارہ سے چودہ فیصد ہوگئی ہے ، اجتماعات میں جانے سے گریز کریں۔ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمن کی حالت پر ترس آتا ہے، ان کی سیاست خلا میں لٹک رہی ہے۔پی ڈی ایم ختم ہوچکی ہے، میڈیا نے 11پارٹیاں بنائی ہوئی ہیں، میں 500روپے انعام دوں گا اگر کوئی صحافی پی ڈی ایم میں موجود 11پارٹیوں کا نا م بتا دے۔یہ ڈھائی پارٹیاں ہیں ،ایک مسلم لیگ نواز ، ایک پیپلزپارٹی اور آدھی مولانا فضل الرحمن کی جماعت ہے۔
