حکومت نے ملک بھر کے صحافیوں کی ہیلتھ انشورنس کا اعلان کردیا۔نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہاکہ وزیراعظم صحافیوں کی ہیلتھ انشورنس سے متعلق فکر مند تھے، وزیراعظم نے صحافیوں کی ہیلتھ انشورنس کیلئے ایک ارب مختص کئے ،صحافیوں کی رجسٹریشن کے عمل کا آغاز کیا جارہا ہے ، وزیراعظم 7اگست کو صحافیوں کی ہیلتھ انشورنس کا اجرا کریں گے،وزیراعظم چاہتے تھے ورکنگ جرنلسٹ کو ہیلتھ کو انشور کیا جائے ۔وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے صحافیوں کی ہیلتھ انشورنس فارم کا اجرا کردیا، وفاقی وزیر نے کہاکہ ہیلتھ انشورنس فارم کو آسان بنایا گیاہے، رجسٹریشن فارم پی آئی ڈی اور وزارت اطلاعات کی ویب سائٹ پر موجود ہے، ان کا کہناتھا کہ حکومت کی طرف سے صحت کی سہولیات ملک بھر کے صحافیوں کیلئے ہے ، صحت کے مسائل کے متعلق تمام تفصیلات فارم میں موجود ہیں۔مریم اورنگزیب نے کہاکہ موجودہ دور میں صحافیوں کے خلاف کوئی انتقامی کارروائی نہیں کی گئی ، نوازشریف نے 2013میں ہیلتھ کارڈ شروع کیا، سابق دور میں اس کا نام بدلا گیا، ہیلتھ انشورنس میں صحافیوں کو صحت کی تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں ،ہیلتھ انشورنس، صحافیوں کی تنخواہوں کے مسائل ہمیشہ سے رہے ہیں،ملک بھر کے صحافی اس میں رجسٹریشن شروع کریں،اس دور میں صحافیوں کو تھپڑ نہیں مارے گئے ، پسلیاں نہیں ٹوٹیں، گولیاں نہیں لگیں۔