sahafion ke plots se tajaweezaat aik hafte mein hatane ki yakeen

صحافیوں کے پلاٹوں سے تجاوزات ایک ہفتے میں ہٹانے کی یقین دہانی۔۔

سیکریٹری اطلاعات سندھ ندیم الرحمٰن میمن کی زیرِ صدارت کراچی پریس کلب کے عہدیداران کے ساتھ اجلاس ہوا جس میں کراچی پریس کلب کے اراکین کے لئے مزید 700 پلاٹس کے انتظام اور ان کے لئے جگہ کی شناخت کے لئے جائزہ  لیا گیا۔۔ سیکرٹری اطلاعات سندھ ندیم میمن نے کہا کہ کراچی پریس کلب کے باقی ماندہ اراکین کے لئے ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور لیاری ڈیولپمنٹ انتظامیہ سے رابطوں کو مستحکم کیا جائے ۔ انہوں نے کراچی پریس کلب کے  الاٹ شدہ پلاٹس سے تجاوزات کو جلد از جلد ہٹانے کی ہدایت بھی دی اور کہا کہ سرکاری زمین پر تجاوزات کرنے والے افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے۔اجلاس میں یقین دہانی کرائی گئی کہ تجاوزات ایک ہفتے میں ہٹا دی جائیں گی۔۔اجلاس میں کراچی پریس کلب کے عہدیداران سے کہا گیا کہ جونہی تجاوزات ہٹادی جائیں، واگذار کرائی گئی زمین پر فوری باونڈری وال تعمیر کردی جائے تاکہ کوئی اور قبضہ نہ کرسکے۔اجلاس میں صحافی کالونیوں میں پانی کی لائن پہنچانے کے لئے محکمۂ بلدیات کے نمائندہ افسر کو ضروری اقدامات کی ہدایت بھی کی گئی۔ اجلاس میں کراچی پریس کلب کے صدر اور سیکریٹری نے صحافیوں کے مسائل کے حل کے لئے سندھ حکومت کے بہترین تعاون اور سیکریٹری اطلاعات سندھ ندیم میمن کا شکریہ ادا کیا۔اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز سوائی خان چھلگری ، صدر کراچی پریس کلب سعید سربازی ، جنرل سیکریٹری شعیب احمد و دیگر عہدیداران کے علاوہ ضلع ملیر ،ضلع ویسٹ ضلع کیماڑی ، لیاری ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی ، بورڈ آف ریونیو ، محکمۂ بلدیات اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندہ افسران نے شرکت کی۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں