پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو باڈی نے وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے صحافیوں کیخلاف پیسے لیکر خبریں لگانے کے بیان کو جھوٹا اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے اسے مسترد کر دیا ہے، سیکرٹری پی آر اے وزیر اعظم کو خط لکھ کر بیان واپس لینے کا مطالبہ کرینگے بصورت دیگر وزیر اعظم کیخلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا جائیگا، پی آر اے کی ایگزیکٹو کمیٹی کا غیر معمولی اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں صدر صدیق ساجد کی سربراہی میں ہوا، کمیٹی نے وزیر اعظم کے بیان پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سخت مایوسی کا اظہار کیا اور بیان کو پوری صحافتی برادری پر بہتان اور الزام تراشی، پیکا اور پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی بل جیسے قوانین کے ذریعے میڈیا کو دبانے کی کوششوں میں ناکامی کے بعد ایک گھناؤنی کوشش قرار دیا ہے، پی آر اے ایگزیکٹو باڈی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن صحافی برادری کی عزت نفس کیلئے تمام تر اقدامات اٹھائے گی، کمیٹی نے پارلیمنٹ کے آئندہ اجلاس میں واک کے فیصلے کی توثیق کرتے ہوئے احتجاج کے حوالے سے آئندہ کی حکمت عملی پر غور کیا، کمیٹی نے سینئر صحافی رانا غلام قادر کی سربراہی میں قانون میں ترامیم کیلئے خصوصی کمیٹی کے قیام اورچیئرمین واک آؤٹ کمیٹی کیلئے سینئر صحافی اصغر چودھری کے نام کی منظوری دی۔
