عدالت عظمیٰ نے صحافیوں کے حقوق کے تحفظ اورانہیں ایف آئی اے سمیت مختلف حکومتی اداروں کی جانب سے ہراساں کرنے سے متعلق لئے گئے از خود نوٹس کیس کی گذشتہ سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کردیا ہے ، جسٹس اعجازالاحسن کی سربراہی میں جسٹس منیب اختراور جسٹس قاضی محمد امین احمد پر مشتمل بنچ نے 19جنوری 2022کو کیس کی سماعت کی تھی ،جاری حکمنامہ کے مطابق اٹارنی جنرل نے پیمرا آرڈیننس 2002کی دفعہ 27کے آئین کے آرٹیکل 19سے متصادم ہونے سے متعلق معاملہ پر اپنے دلائل پیش کئے ہیں تاہم انہوں نے اس حوالے سے مزید معروضات پیش کرنے کے لئے کچھ وقت مانگا ہے ،جس پر عدالت نے ان کی استدعا منظور کرتے ہوئے انہیں آئندہ سماعت سے پہلے پہلے اس حوالے اسے معروضات کا تحریری خلاصہ اور ان کیس لاء کی فہرست جمع کروانے کی ہدایت کی ہے ،جن پر وہ انحصار کریں گے ، حکم نامہ کے مطابق پریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورٹ کے سابق صدرامجد بھٹی نے بیان کیاہے کہ انہوں نے عدالت کی ہدایت پر ڈی جی ایف آئی اے سے ملاقات کی اور وہ اس کے نتائج سے مکمل طور پر مطمئن ہیں، دوران سماعت ڈی جی ایف آئی اے کی جانب سے ایک متفرق درخواست کے ذریعے مطلوبہ معلومات /دستاویزات عدالت میں جمع کروائی گئی ہیں ،جنہیں ریکارڈ کا حصہ بنایا جاتا ہے ،عدالت نے پیمرا کے لاء افسر اور دیگر فریقین کے ان وکلاء ،جوکہ اپنے موقف کے حوالے سے دلائل دینا چاہتے ہیں ، کو آئندہ سماعت سے پہلے پہلے ا س حوالے اسے معروضات کا تحریری خلاصہ اور ان کیس لاء کی فہرست جمع کروانے کی ہدایت کی ہے ،جن پر وہ انحصار کریں گے ، کیس کی مزید سماعت غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردی گئی ۔
