نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے زیر اہتمام رمضان فیملی گالا کی چار روزہ تقریبات کا آخری اور گرینڈ عید گفٹ پروگرام این پی سی میں ہواجس میں ساڑھے چار سو سے زیادہ ارکان کی فیملیوں میں عید گفٹ تقسیم کئے گئے۔ تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر تجارت جام کمال تھے، جبکہ میٹ کرونے،سردار منصور، اسلام آباد کے سابق ڈپٹی میئر سید ذیشان علی نقوی، ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر مختاراحمد، شاہ خاور ایڈووکیٹ، عبدالغفور کاکڑ، سنیٹردنیش کمار و دیگر مہمانان گرامی بھی تقریب میں موجود تھے۔تقریب میں فلسطین کے مظلوم مسلمانوں پر اسرائیلی مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت اور مظلوم اور نہتے فلسطینیوں کیساتھ اظہار یکجہتی بھی کیا گیا۔تقریب کی نظامت کے فرائض سیکرٹری این پی سی نیئر علی، جوائنٹ سیکرٹری سحرش قریشی اور سینئر صحافی تصور زمان بابر نے ادا کئے۔ اس موقع پر مہمان خصوصی وفاقی وزیر تجارت جام کمال نے کہا کہ آجکل کے دور میں خوشیاں باٹنا بہت مشکل کام ہے،نیشنل پریس کلب کے رمضان فیملی فیسٹیول میں آکر بہت خوشی محسوس ہور ہی ہے، یہاں پر واقعی فیملی جیسا ماحول نظر آ رہا ہے۔رمضان فیملی فیسٹول کے آخری تقسیم عید گفٹ پروگرام میں صدر اظہر جتوئی، سیکرٹری نیّر علی اور سیکرٹری فنانس وقار عباسی نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔