پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس ورکرز اور پنجاب یونین آف جرنلسٹس ورکرز کے زیر اہتمام لاہور میں صحافیوں نے پیمرا ترمیمی بل کی منظوری کے حق میں بڑا مظاہرہ کیا۔مظاہرے میں فیڈرل یونین آف جرنلسٹس ورکرز گروپ کے صدر پرویز شوکت، فیڈرل یونین آف جرنلسٹس ورکرز گروپ کے مرکزی سیکرٹری راجہ ریاض۔ پنجاب یونین آف جرنلسٹس کے صدر ضیا اللہ نیازی، صحافیوں کے پروگریسیو گروپ کے چئیرمین معین اظہر، ممتاز صحافی رہنما میاں حبیب، انصار زاہد، شعیب الدین چاچو، سینئر صحافی اور فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے نائب صدر بخت گیر چوہدری، پنجاب یونین آف جرنلسٹس کے سیکرٹری شہباز اکمل جندران، پنجاب یونین آف جرنلسٹس کے نائب صدر حامد نواز، یوسف عباسی، جعفر بن یار، محمد نواز سنگرا، سینئیر صحافی طفیل شریف، وسیم حیدر،صحافی سبطین علی اور میاں تنویر سرور سمیت صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر پرویز شوکت نے کہا کہ لاہور میں صحافیوں کا یہ پہلا مظاہرہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی تنخواہوں کی ادائیگی کا اختیار پیمرا ترمیمی بل کے تحت پیمرا کو دینے کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ صحافیوں کا پہلا مظاہرہ ہے جو حکومت کی بجائے اپوزیشن کے خلاف ہے۔پرویز شوکت کا کہنا تھا کہ پیمرا ترمیمی بل پر صحافیوں کے ساتھ یکجہتی نہ کرنے والی یونینز اب مالکان کی ایجنٹ اور ن لیگی یونین بن چکی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں کا یہ تاثر بالکل غلط ہے کہ اس بل کے ذریعے حکومت آزادی صحافت پر قدغن لگانا چاہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں اور میڈیا مالکان نے میڈیا ورکرز اور صحافیوں کے خلاف گٹھ جوڑ کرلیا ہے۔۔پنجاب یونین آف جرنلسٹس کے صدر ضیااللہ نیازی نے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیمرا ترمیمی بل دوبارہ ٹیبل کیا جائے۔اپوزیشن ورکر کش قدم سے باز رہے۔اگر اپوزیشن نے اپنا وطیرہ نہ بدلا تو ہم ہر تقریب میں اپوزیشن کو نہ صرف باور کروائیں گے بلکہ بائیکاٹ بھی کرینگے۔پروگریسیو گروپ کے چئیرمین معین اظہر نے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں پر جب بھی کڑا وقت آیا ہے۔ٹاوٹ اور بے ضمیر صحافی ان کی جیب میں رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پیمرا ترمیمی بل کو منظور نہ کیا گیا تو ملک گیر احتجاجی تحریک شروع کی جائیگی۔۔مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے سیکرٹری راجہ ریاض نے کہا کہ اپوزیشن ہوش کے ناخن لے ۔پیمرا ترمیمی بل صحافیوں کے لیئے معاشی خوش خبری ہے۔اس کی مخالفت کرکے اپوزیشن ثابت کررہی ہے کہ وہ کارکن اور ورکر صحافیوں کے خلاف ہے۔ مظاہرے سے بخت گیر چوہدی۔حامد نواز ، شہباز اکمل جندران۔سبطین علی۔یوسف عباسی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
