اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ آزادی صحافت پر قدغن نہیں لگائی جاسکتی پنجاب اسمبلی میں صحافیوں کے حوالے سے بل سے صحافیوں کے خلاف شقیں اتفاق رائے سے ختم کر دی گئیں۔ ڈسپلنری کمیٹی تشکیل دے دی گئی، کمیٹی کی سربراہی سپیکر کریں گے صحافیوں کے نمائندے بھی شامل ہوں گے،سیکرٹری جنرل پی ایف یو جے رانا محمد عظیم ،صدر پی یو جے شہزاد حسین بٹ، صدر ایمرا آصف بٹ، مبشر بٹ، رانا عثمان، محمد شاہد چودھری، محمد فاروق جوہری اور رانا مظہر پر مشتمل وفد سے گفتگو کرتے ہوئے سپیکر نے کہا پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت مکمل ہوتے ہی تمام صحافیوں کو داخلے کی اجازت دے دی جائے گی، ہماری جماعت آزادی صحافت پر مکمل یقین رکھتی ہے، علاوہ ازیں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس نے پنجاب اسمبلی سے صحافیوں کے خلاف منظور کردہ قانون کے خلاف 5جولائی سے ملک گیر احتجاج کا اعلان کیا ہے ۔
