تھانہ بنی گالہ پولیس نے نجی ٹی وی کیمرہ مین سمیت دیگر صحافیوں پر ہلا بولنے، دھمکانے اور تشدد کا نشانہ بنانے پر پی ٹی آئی کے سینٹیر فیصل جاوید سمیت دیگر کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ارشد محمود جسرا کی عدالت نے صحافیوں پر مبینہ حملہ کیس میں سینیٹر فیصل جاوید خان کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس سے ریکارڈ طلب کرلیا۔ جمعرات کو درخواست ضمانت قبل از گرفتاری کی سماعت کے دوران سینیٹر فیصل جاوید خان اپنے وکیل سردار مصروف خان عابد ایڈووکیٹ اور فیصل نواز جدون ایڈووکیٹ کے ساتھ عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ نامزد ملزم عدالت کے سامنے قانون کی بالادستی کے لئے عدالت پیش ہوئے ہیں اور شامل تفتیش بھی ہوں گے۔ وکلاء کے دلائل سننے کے بعدعدالت نے10 ہزار روپے مالیتی مچلکوں کے عوض فیصل جاوید خان کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے سماعت 17 اگست تک کیلئے ملتوی کردی۔ اس موقع پر انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل جاوید نے کہا کہ مجھ پر ایک انتہائی بوگس اور جھوٹا مقدمہ بنایا گیا ہے۔ میں نے کوئی غلط کام نہیں کیا، مجھ پر ایسا مقدمہ مضحکہ خیز ہے۔
صحافیوں پر تشدد، سینیٹر فیصل جاوید کی عبوری ضمانت منظور۔۔
Facebook Comments