پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ صحافی آج بھی اغواء ہوتے ہیں، آمرانہ ادوار میں جو سختیاں صحافیوں کو پیش آتی تھیں وہ سلسلہ آج بھی جاری ہے۔سید خورشید شاہ کا سینئر صحافی اور ایڈیٹر محمد ضیاء الدین کے تعزیتی ریفرنس سے خطاب میں کہنا تھا کہ ضیاء الدین ان لوگوں میں شامل ہیں کہ جب تک صحافت زندہ ہے ان کا نام زندہ رہے گا۔انہوں نے کہا کہ قلم کی طاقت تلوار اور ہتھیار سے زیادہ ہے، جب تک صحافت زندہ ہے ضیاءالدین کا نام زندہ رہے گا، ضیاء الدین مزاحمتی صحافت کے علمبردار اور صحافت کا درخشاں ستارہ تھے، انہوں نے صحافت میں نمایاں کردار ادا کیا وہ بڑے ایماندار شخص تھے، وہ ایک استاد کا درجہ رکھتے تھے۔پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کے جنرل سیکرٹری ناصر زیدی نے بھی ضیاء الدین صاحب کو خراج عقیدت پیش کیا۔تقریب سے پیپلزپارٹی کے رہنما فرحت اللہ بابر، پی ایف یو جے کے سابق صدر افضل بٹ، صدر این پی سی شکیل انجم اور دیگر نے خطاب کیا۔
