ڈیسک ایڈیٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان (دیپ) نے معتبر صحافتی ادارے جیو اور جنگ گروپ کے دفاتر پر مشتعل افراد کے حملے اور توڑ پھوڑ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ایسوسی ایشن کے ہنگامی اجلاس میں میڈیا دفاتر کی ناکافی سیکیورٹی پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔ دیپ کے چیئرمین ذاکر علی اعوان نے کہا کہ میڈیا دفاتر پر حملہ اور صحافیوں کو ہراساں کرنا قابل مذمت ہے۔ جبکہ پہلے سے احتجاج کی کال کے باوجود انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی کا بندوبست نہ کرنا باعث تشویش ہے۔ ذاکر علی اعوان نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ میڈیا دفاتر پر حملے میں ملوث افراد اور انہیں اکسانے والے عناصر کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے ۔ شرپسندعناصر کے خلاف فوری اور سخت سے سخت کارروائی کی جائے۔ ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مستقبل میں ایسے ناخوشگوار واقعات سے بچنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں اور تمام میڈیا ہاؤسز اور صحافیوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے۔ چیئرمین دیپ کا کہنا تھا کہ دھونس، دھمکیوں اور بزدلانہ حملوں سے آزادی اظہار رائے کو کنٹرول نہیں کیا جاسکتا۔ دیپ دیگر صحافتی تنظیموں کے شانہ بشانہ آزادی صحافت کیلئے جدوجہد جاری رکھے گی۔
